نئی دہلی۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے قوم سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا کیونکہ انہوں نے ملک سے جھوٹ بولا ہے۔ آر بی آئی کا بیان ہے کہ تقریباً تمام 500 اور1000 کے کرنسی نوٹ تنسیخ کے نومبر 2016ء کے اقدام کے بعد بینکنگ نظام کو واپس کئے جاچکے ہیں۔ پارٹی نے کہا کہ تقریباً تمام بیکار نوٹ واپس کئے گئے ہیں، جبکہ حکومت جعلی کرنسی ، کالا دھن کا پتہ چلانے سے قاصر رہی۔ حکومت دہشت گردی کو مالیہ کی فراہمی اور جعلی کرنسی کے خاتمہ میں بھی ناکام رہی جبکہ نوٹوں پر امتناع عائد کرنے کے وقت مودی نے اس کا تیقن دیا تھا۔ اپوزیشن پارٹی نے مرکز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو نوٹوں کی تنسیخ کی بھاری قیمت چکانی پڑی ہے جس کا مودی نے 8 نومبر 2016ء کو اچانک اعلان کیا تھا۔ چدمبرم نے دعویٰ کیا کہ 100 سے زیادہ انسانی جانیں اس اقدام کے نتیجہ میں ضائع ہوچکی ہیں۔