آرمور میں کون بنے گا چیرمین بلدیہ ؟

آرمور۔21مئی( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آرمور میں ایک ماہ قبل ہوئے بلدی انتخابات میں کانگریس پارٹی کو اکثریت حاصل ہوئی ۔ آرمور بلدیہ میں جملہ 23وارڈ س ہیں جس میں کانگریس پارٹی کو 11پر کامیابی اور ٹی آر ایس کو 10نشستوں پر اور تلگودیشم و بھارتیہ جنتا پارٹی کو ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل ہوئی ۔گذشتہ آرمور بلدیہ پر کانگریس پارٹی کا قبضہ رہا ۔ اسی طرح کانگریس پارٹی اس پر پھر سے قبضہ برقرار رکھنے کیلئے پُرامید ہے۔ اس طرح میونسپل چیرمین کی کرسی حاصل کرنے کیلئے 12کونسلرس کی تائید ضروری ہے اور یہ بات زیرگشت ہے کہ کانگریس اور ٹی آر ایس پارٹی قائدین اپنے نومنتخبہ کونسلرس کو لیکر نامعلوم جگہ منتقل ہوچکے ہیں تاکہ چیرمین کے انتخاب تک کوئی دشواری پیش نہ آئے ۔ بتایا جارہا ہیکہ کانگریسکے 11کونسلرس ہیں ‘انہیں تلگودیشم کے کونسلر کی تائید حاصل ہے ۔ ٹی آر ایس پارٹی کے 10کونسلرس ہیں انہیں بھارتیہ جنتا پارٹی کے کونسلر کی تائید حاصل ہے ۔ اسطرح کانگریس کو 12اور ٹی آر ایس کو 11کونسلرس کی تائید حاصل ہوئی لیکن جیسے ہی اسمبلی و پارلیمنٹ کے منتخب نمائندوں کا اعلان کیا گیا اور تلنگانہ ریاست میں ٹی آر ایس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئی اور کے سی آر نے تلنگانہ میں حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا جس کی وجہ سے آرمور میں میونسپل چیرمین کے انتخاب میں بڑااثر محسوس کیا جارہا ہے کیونکہ یہاں رکن اسمبلی آرمور و رکن پارلیمنٹ ٹی آر ایس پارٹی کے نمائندے منتخب ہوچکے ہیں ۔ اس طرح ان دونوں کو چیرمین کے انتخاب میں ووٹ کا حق حاصل ہے ۔ اس طرح ٹی آر ایس کو چیرمین کی کُرسی حاصل ہونے کے قوی امکانات نظر آرہے ہیں ۔ اس کے علاوہ معلوم ہوا کہ کچھ کانگریس پارٹی کونسلر بھی ٹی آر ایس امیدوار کی تائید کرسکتے ہیں ۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے سابق کونسلر اے بی چنا ساباق کونسلر کی شریک حیات کو اور ٹی آر ایس پارٹی کی جانب سے سابق سرپنچ آرمور سنجے سنگھ ببلو کی شریک حیات سواتی سنگھ ببلو کو چیرمین امیدوار بنایا گیا ہے ۔ یہ دونوں امیدواروں میں کڑا مقابلہ نظر آرہا ہے ۔ اب یہ دیکھنا ہے کہ کون بنے گا آرمور میونسپل چیرمین ؟ ۔