آرمور /16 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آرمور میں تلگودیشم کے دس ارکان اسمبلی کو اسمبلی سے معطل کئے جانے پر راستہ روکو احتجاج منظم کیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب آرمور کے تلگودیشم قائدین نے ٹی آر ایس حکومت کے رویہ کو نامناسب قرار دیتے ہوئے آرمور۔ نظام ساگر کنال بریج پر راستہ روکو احتجاج منظم کیا۔ اس موقع پر تلگودیشم ضلعی قائد پولا سدھاکر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلگودیشم رکن اسمبلی کو ٹی آر ایس حکومت کے خلاف اسمبلی میں احتجاج کرنے پر اسمبلی سے معطل کیا گیا، جو سراسر ناانصافی ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ معطل کئے گئے تلگودیشم قائدین کو جلد بحال کیا جائے، ورنہ بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔ اس موقع پر آرمور ٹاؤن صدر تلگودیشم نرسمہا ریڈی کے علاوہ تلگودیشم کارکن کتور ریڈی، جتندر، گنگادھر، متیم ریڈی اور دیگر موجود تھے۔