آخری دن نشانہ کا تعاقب مشکل ہوگا : اشون

ملبورن ۔29؍ ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) ۔ آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم نے باکسنگ ڈے ٹسٹ کے چوتھے دن 326 رنز کی سبقت حاصل کرتے ہوئے مقابلہ میں مستحکم موقف حاصل کرلیا ہے لیکن ہندوستانی آف اسپنر روی چندرن اشون نے کہاہے کہ آخری دن نشانہ کا تعاقب مشکل ہوگا اور مقابلہ کا اختتام کیا ہوگا اس کے باوجود ہندوستانی ٹیم کے ڈریسنگ روم کا ماحول کافی مثبت ہے ۔ چوتھے دن کھیل کے اختتام کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے اشون نے کہا ہے کہ ہم یہ قطعی طور پر نہیں جانتے کہ مقابلہ کا اختتام کیا ہوگا ۔ لیکن جو کچھ بھی نشانہ ہمیں حاصل ہوگا اس کے تعاقب کے لئے کھلاڑیوں کا ذہن کافی مثبت ہے ۔ اشون کے بموجب امید ہے کہ ہندوستانی بولر آسٹریلیائی ٹیم کو پانچویں دن کے ابتدائی سیشن میں آل آوٹ کرلیں گے ‘ کیونکہ اس نے اپنے دوسری اننگز میں 261/7 رنز اسکور کر لئے ہیں جبکہ شان مارش 62 اور رائن ہارس 8 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں ۔ اشون نے مزید کہا کہ باکسنگ ڈے ٹسٹ کے آخری دن ہندوستانی ٹیم کو کامیابی کے لئے جو بھی نشانہ ملے گا اس کا تعاقب آسان نہیں ہوگا لیکن کھلاڑیوں کے ذہن اس لئے بھی مثبت ہے کیونکہ سیریز کے ہر گذرتے دن کے ساتھ مہمان کھلاڑیوں کے مظاہروں میں بھی بہتری آئی ہے ۔