کولکتہ۔20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل کی دو مرتبہ کی چمپئن ٹیم کولکتہ نائٹ رائڈرس اگرچہ سرفہرست ہے لیکن کل اسے کنگز الیون پنجاب کے خلاف اپنے اگلے گھریلو میچ میں کرس گیل کے طوفان کی طرف سے محتاط رہنا ہوگا۔سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف میچ میں کنگز الیون پنجاب کے لیے گیل کی 63 گیندوں میں ایک چوکے اور 11 چھکوں سے سجی 104 رنز کی اننگز کے بعد تاریخی ایڈن گارڈن میدان پر بھی پنجاب کو ان سے اسی کارکردگی کی توقع رہے گی۔پنجاب نے موہالی کے اپنے گھریلو میدان پر مقابلہ5 رنز سے جیتا لیکن اسے اگلا میچ کولکتہ کے گھریلو میدان پر کھیلنا ہے جہاں کامیابی آسان نہیں ہوگی ۔گیل کی موجودہ فارم اور ماضی کی کارکردگی نے گھریلو ٹیم کولکتہ کے لیے فکر ضرور بڑھا دی ہے جس نے اپنے گزشتہ میچ میں اسی میدان پر دہلی ڈئیر ڈیولس کے خلاف یکطرفہ میچ میں 71 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔دوسرے مقابلے میں ابتداء سے ہی اتار چڑھاو سے گزر رہی دہلی ڈیر ڈیولس اپنے نئے کپتان گوتم گمبھیر کی قیادت میں بھی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پا رہی ہے اور کل اپنے آئندہ میچ میں ویراٹ کوہلی کی رائل چیلنجرس بنگلور کے خلاف فارم میں واپسی کی پوری کوشش کرے گی ۔گمبھیر نے آئی پی ایل میں دو مرتبہ کولکاتا نائٹ رائڈرس کو چیمپئن بنایا ہے لیکن ان کی قیادت میں دہلی کچھ خاص نہیں کر پا رہی ہے اور اپنے گزشتہ چار میچوں میں صرف ایک ہی کامیابی حاصل کر سکی ہے ۔ گزشتہ میچ میں اسے کولکتہ سے شکست برداشت کرنی پڑی اور وہ جدول میں آخری نمبر پر ہے ۔ بنگلور کا بھی حال کچھ ٹھیک نہیں ہے ۔کوہلی کے علاوہ اے بی ڈی ویلیئرس، کوئنٹن ڈی کاک جیسے زبردست کھلاڑیوں والی بنگلورکا اس مرتبہ بھی بے حال ہے۔