آج پاک بمقابلہ سری لنکا، بارہویں ایشیاء کپ کا آغاز

فتح اللہ (بنگلہ دیش) ۔ 24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) دفاعی چمپیئن پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کل یہاں افتتاحی مقابلہ کے ساتھ بارہویں ایشیاء کپ کا آغاز ہورہا ہے جس میں ان دو ٹیموں کے علاوہ ونڈے کی چمپیئن ہندوستان، میزبان بنگلہ دیش اور پہلی مرتبہ ٹورنمنٹ میں شرکت کررہی افغانستان کی ٹیم خطابی دوڑ میں شامل ہیں۔ پاکستانی ٹیم جس نے گذشتہ ایشیاء کپ کے فائنل میں میزبان بنگلہ دیش کو شکست دیتے ہوئے خطاب حاصل کریا تھا جبکہ دورہ بنگلہ دیش پر سری لنکا نے میزبان ٹیم کے خلاف ونڈے اور ٹسٹ سیریز اپنے نام باآسانی کرلی ہے اس طرح کل کھیلے جانے والے افتتاحی مقابلہ میں ایک دلچسپ ٹکراؤ متوقع ہے۔ پاکستان جس نے ایشیاء کپ میں شرکت سے قبل دورہ جنوبی افریقہ پر میزبان ٹیم کے خلاف ونڈے سیریز اپنے نام کرنے والی پہلی ایشیائی ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کرنے کے علاوہ متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کے خلاف منعقدہ سیریز میں بھی فتوحات حاصل کی ہیں۔ اس طرح کل سری لنکا پر پاکستان کو نفسیاتی سبقت ضرور حاصل رہے گی لیکن بنگلہ دیش کے ایک طویل دورہ پر موجود سری لنکائی ٹیم کے کھلاڑی مسلسل فتوحات کے ذریعہ پرعزم اور ان کے حوصلے کافی بلند ہیں۔ سری لنکا کیلئے سینئر بیٹسمین کمارا سنگاکارا توجہ کا مرکز ہوں گے کیونکہ انہوں نے میزبان بنگلہ دیش کے خلاف سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو سیریز میں کامیابی دلوانے میں کلیدی رول ادا کیا ہے۔ گذشتہ ایشیاء کپ میں سری لنکائی ٹیم کو ایک بھی کامیابی حاصل نہیں ہوئی تھی جس کو پس پشت ڈالتے ہوئے یہ ٹیم اس مرتبہ دفاعی چمپیئن کے خلاف کامیابی کے ساتھ ٹورنمنٹ کے بہتر آغاز کیلئے کوشاں ہیں۔ دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے مظاہرہ بھی حالیہ عرصہ میں اطمینان بخش ہیں، لیکن مصباح الحق کی زیرقیادت پاکستانی ٹیم کو دراز قد فاسٹ بولر محمد عرفان کی خدمات حاصل نہیں جوکہ زخمی ہوکر ٹورنمنٹ سے باہر ہوچکے ہیں۔

فاسٹ بولنگ شعبہ میں عمرگل کے ہمراہ ونڈے کیریئر کا آغاز کرنے والے محمد طلحہ توجہ کا مرکز ہوں گے کیونکہ سری لنکا کے خلاف شارجہ ٹسٹ میں انہوں نے 6 وکٹیں حاصل کی ہیں اور اس مظاہرہ کی بدولت انہیں ونڈے کیریئر کے آغاز کا موقع دیا گیا ہے۔ افتتاحی مقابلہ کے علاوہ ہندوستان کیلئے یہ ایشیاء کپ اس لئے اہمیت کا حامل ہے کیونکہ وہ ایک طویل مدت سے کامیابی سے دور ہے جیسا کہ جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے دوروں پر ہندوستانی ٹیم کو ایک بھی کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے اور اب ونڈے کی چمپیئن ٹیم کو مستقل کپتان مہندر سنگھ دھونی کی خدمات بھی دستیاب نہیں جوکہ زخمی ہوکر ایشیاء کپ سے باہر ہوچکے ہیں۔ دھونی کے غیاب میں ویراٹ کوہلی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ میزبان بنگلہ دیش جو سری لنکا کے خلاف مسلسل ناکامیوں کے بعد ایک تازہ شروعات کیلئے کوشاں ہیں جیسا کہ اس نے گذشتہ ایڈیشن میں ہندوستان کے خلاف ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔