نئی دہلی ۔ 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) متوسط طبقہ اور صنعتی شعبہ کو وابستہ توقعات کے دوران وزیرفینانس ارون جیٹلی کل عام بجٹ 2014-15ء پیش کریں گے۔ سمجھا جاتا ہیکہ تنخواہ یاب ملازمین کو ٹیکس راحت فراہم کی جائے گی اس کے علاوہ متنازعہ ٹیکس سسٹم ختم اور سرمایہ کاری کے احیاء کیلئے اقدامات کے ساتھ ساتھ مینوفکچرنگ شعبہ کی ترقی کیلئے اعلانات کئے جائیں گے۔ پارلیمنٹ میں پیش کئے جانے والے اس بجٹ کے تعلق سے کافی توقعات وابستہ کی جارہی ہیں۔ ماہرین کے مطابق بچت کی حوصلہ افزائی کیلئے حکومت ضروری اقدامات کرے گی۔ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے مقصد سے ارون جیٹلی صنعتی شعبہ کیلئے ٹیکس مراعات کا اعلان کرسکتے ہیں۔ مانسون کی کمی کے اثر سے نمٹنے کیلئے کسانوں کو راحت کا اعلان بھی کیا جاسکتا ہے۔