پالی کیلے ، 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن ٹسٹ کل سے یہاں کھیلا جائے گا ، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ اس سے قبل کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میں پاکستان اطمینان بخش کارکردگی میں ناکام رہا اور میزبان ٹیم نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز کو برابر کردیا۔ مصباح الحق کی ٹیم سری لنکا کیخلاف تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں کامیابی حاصل کرنے کا عزم لئے میدان سنبھالے گی جبکہ آئی لینڈرز ہوم گراؤنڈ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سیریز اپنے نام کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ تاہم انھیں تجربہ کار بیٹسمین کمار سنگاکارا کی خدمات دستیاب نہیں ہوں گی میچ مقامی وقت کے مطابق صبح 9:30 بجے شروع ہو گا۔