آج دھونی کے جانشین کے انتخاب پر توجہ

ممبئی۔ 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دورۂ بنگلہ دیش کیلئے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا کل یہاں انتخاب عمل میں آئے گا اور ٹسٹ کرکٹ میں کپتان مہیندر سنگھ دھونی کی سبکدوشی کے بعد ہندوستان کے اگلے وکٹ کیپر بیٹسمین کے انتخاب پر تمام تر توجہ مرکوز ہے جیسا کہ دورۂ آسٹریلیا کے موقع پر مہیندر سنگھ دھونی نے ملبورن میں منعقدہ تیسرے ٹسٹ کے بعد طویل طرز کی کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا تھا جس کے بعد آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹسٹ میں ویراٹ کوہلی نے ٹیم کے اگلے کپتان کے طور پر مکمل ذمہ داری سنبھال لی تھی۔ دھونی کے مقام پر وردھیمان ساہا سب سے پہلی پسند ہیں۔ علاوہ ازیں فاسٹ بولر محمد سمیع جوکہ زخمی ہونے کی وجہ سے آئی پی ایل بھی نہیں کھیل پائے ہیں ، ان کے انتخاب پر بھی سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔ تین ہفتے طویل دورۂ بنگلہ دیش میں واحد ٹسٹ اور 3 ونڈے مقابلوں کے لئے ٹیم میں تمام سینئر کھلاڑیوں کے انتخاب کے امکانات ہیں۔ بولنگ شعبہ میں ایشانت شرما ، ورون آرون ، اومیش یادو ، بھونیشور کمار اور بیٹنگ شعبہ میں شکھر دھون اور مرلی وجئے ، مکیش راہول ، ویراٹ کوہلی ، چیٹیشور پجارا، اجنکیا راہنے اور روہت شرما کی شمولیت یقینی ہے جبکہ سریش رائنا جو آسٹریلیا کے دورہ پر ناکام ہوگئے تھے ،ان کی ٹسٹ ٹیم میں شمولیت مشکل ہے۔