آج بنگلہ دیش ۔ نیوزی لینڈ ، افغانستان ۔ انگلینڈ مقابلے

ہیملٹن ؍ سڈنی ۔12 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام)جاریہ آئی سی سی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ کوارٹر فائنل میں مقام حاصل کرلینے کے بعد اب اپنے اسپین بولنگ کے شعبہ کے بل بوتے پر نیوزی لینڈ کو بھی کل یہاں گروپ اے میچ میں غیرمتوقع شکست دینے کا عزم رکھتی ہے حالانکہ اس سے کیویز کی درجہ بندی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن ناک آؤٹ مرحلے سے عین قبل کوئی بھی منفی نتیجہ برینڈن میک کلم کی ٹیم کیلئے اچھا نہیں رہے گا ۔ کل جمعہ کو دن کا دیگر مقابلہ افغانستان اور انگلینڈ کے درمیان سڈنی میں ہوگا ۔ یہ میچ یوں تو ٹورنمنٹ سے خارج دو ٹیموں کے درمیان ہورہا ہے لیکن ایک طرف افغانستان کو عالمی منظر پر خود کو منوانے کا حوصلہ دکھانا ہے تو وہیں اوئن مورگن کی انگلش ٹیم آسٹریلیا سے وطن واپسی سے قبل اپنی ساکھ بہتر بنانے کیلئے یقینا جیتنا چاہے گی۔ افغانستان کو سب سے بڑا حوصلہ انگلش ٹیم کیخلاف بنگلہ دیش کا شاندار مظاہرہ ہے ، جس کے نتیجہ میں انگلینڈ ٹورنمنٹ سے یکایک خارج ہوگیا ۔