کولمبو ۔ 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کل یہاں سری لنکا کے خلاف 7 مقابلوں کی ونڈے سیریز کے پہلے مقابلہ میں اس مقصد کے ساتھ میدان میں اترے گی کہ ورلڈ کپ سے قبل منعقد شدنی اس ونڈے سیریز کا نہ صرف بھرپور فائدہ اٹھایا جائے بلکہ رواں برس کے اوائل ہوم سیریز میں ہوئی شکست کا حساب بھی برابر کرے۔ انگلش ٹیم کے کپتان الیسٹرکک کیلئے یہ بہترین موقع ہے کہ وہ یہاں منعقد شدنی 7 مقابلوں کی ونڈے سیریز میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے گھریلو میدانوں پر سری لنکا کے خلاف ہوئی ٹسٹ اور ونڈے سیریز کی ناکامی کا حساب برابر کرے۔ سری لنکا نے جب انگلینڈ کو اسی کی سرزمین پر ٹسٹ سیریز میں 1-0 سے شکست دی تو الیسٹرکک کی قیادت پر شدید تنقید کی گئی تھی۔ نیز سچترا سننائیکے کی جانب سے انگلش بیٹسمین جوس بٹلر کو گیند ڈالنے سے پہلے متنازعہ آوٹ کرنے کا بھی موضوع اہم رہا تھا۔
کک نے سری لنکا آمد اور میزبان ٹیم کے خلاف کھیلی جانے والی ونڈے سیریز کے ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ اب چونکہ ورلڈکپ عنقریب ہے، لہٰذا ہم یہاں سیریز میں کامیابی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ نیز ہمارے ذہنوں میں ہوم سیریز میں ہوئی شکست کا حساب برابر کرنا بھی موجود ہے۔ کک کی جانب سے سری لنکائی اسپنر سننائیکے کے متنازعہ طور پر انگلش بیٹسمین کو آوٹ کرنے کے متعلق دیئے جانے والے بیان کا سری لنکائی سینئر بیٹسمین مہیلا جئے وردھنے نے سخت نوٹ لیتے ہوئے کک پر تنقید کی ہے کہ کس طرح وہ سننائیکے کے رن آوٹ کرنے پر سوال اٹھا سکتے ہیں۔ دوسری جانب سری لنکائی ٹیم جسے ہندوستان کے دورہ پر 5-0 کی ہزیمت ناک شکست برداشت کرنی پڑی ہے، وہ بھی ان ناکامیوںکو پس پشت ڈالتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف کامیابی کیلئے کوشاں ہیں۔ سری لنکائی ٹیم کے کپتان انجیلو میتھوس نے کہا ہیکہ ہندوستان کے ناکام دورہ کو پس پشت ڈالتے ہوئے ورلڈ کپ سے قبل انگلش ٹیم کے خلاف کھیلی جانے والی اس سیریز میں تجربات کئے جائیں گے تاکہ ورلڈ کپ سے قبل متوازن اور صحیح ٹیم کو یقینی بنایا جاسکے۔
میتھوس کے بموجب سری لنکائی ٹیم کیلئے ضروری ہیکہ وہ کامیابی کی سمت لوٹے اور ورلڈکپ سے قبل ان کھلاڑیوں کی نشاندہی مکمل کرلی جائے جو ٹیم کیلئے بہتر مظاہروں کے علاوہ ورلڈ کپ میں ٹیم کو کامیابی دلواسکتے ہیں۔ میتھیوس نے واضح کردیا ہیکہ سری لنکائی ٹیم کیلئے یہ بہت ضروری ہیکہ وہ بولر کے علاوہ بیٹنگ کی صف بندی میں موجود مسائل کو حل کرلیں کیونکہ اس سیریز کے اختتام کے ساتھ ہمیں ورلڈ کپ کیلئے ایک واضح ٹیم کو یقینی بنانا ہے۔ ورلڈ کپ میں سری لنکا اور انگلینڈ دونوں ہی ٹیموں کا 14 فبروری کو افتتاحی مقابلہ ہے کیونکہ سری لنکائی ٹیم اس دن میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف مقابلہ کرے گی جبکہ انگلینڈ کا سامنا دوسرے میزبان ملک آسٹریلیائی ٹیم سے ہوگا۔ کولمبو میں کھیلے جانے والے افتتاحی مقابلے کے متعلق پیش قیاسی کی جارہی ہیکہ یہ موسم کی وجہ سے متاثر نہیں ہوگا۔