آئی پی ایل 6 اسپاٹ فکسنگ اسکام ‘ وضع الزامات پر آج عدالت کا فیصلہ

نئی دہلی 28 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کی ایک عدالت امکان ہے کہ پیر کو آئی پی ایل 6 اسپاٹ فکسنگ اسکام میں وضع الزامات کے سلسلہ میں حکم جاری کریگی ۔ اس کیس میں معطل شدہ کرکٹرس ایس سریسانت ‘ اجیت چنڈیلا ‘ انکیت چاوان اور دوسرے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اس کیس میں انڈور ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم اور اس کے ساتھی چھوٹا شکیل کو بھی ملزم بنایا گیا ہے ۔ اڈیشنل سشن جج نینا بنسل کرشنا نے 23 مئی کو اس کیس میں الزامات وضع کرنے کے معاملہ میں اپنا فیصلہ پیر تک کیلئے محفوظ کرلیا تھا ۔ جج نے ملزمین کے وکیل سے کہا تھا کہ اگر ان کے موکلین کو اس پر کوئی اعتراض ہے تو وہ 6 جون تک تحریری دلائل پیش کرسکتے ہیں۔ دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے اس کیس میں اپنی جو چارچ شیٹ پیش کی ہے اس میں 42 افراد کو ملزم بنایا ہے جن میں چھ ملزمین مفرور ہیں۔ دہلی پولیس کی جانب سے اس کیس میں جو تحقیقات کی گئی ہیں ان پر عدالت نے مبینہ طور پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا اور میچ فکسنگ تھیوری پر ہی سوال کیا تھا ۔ عدالت کا کہنا تھا کہ ملزمین کی جانب سے میچس فکس کرنے کے سلسلہ میں کوئی ثبوت و شواہد دستیاب نہیں ہیں۔ کیس میں الزامات وضع کرنے پر مباحث کے دوران دہلی پولیس نے ملزمین کے مابین ٹیلیفون پر ہوئی بات چیت کا حوالہ دیا تھا اور یہ ادعا کیا تھا کہ وہ میچ فکسنگ اور بیٹنگ میں ملوث ہیں۔

پولیس نے یہ بھی الزام عائد کیا تھا کہ فون کال ڈاٹا سے بھی پتہ چلتا ہے کہ جن افراد کو ملزم بنایا گیا ہے ان کا تیزی سے پیسہ بنانے کے مقصد سے جرائم کا ارتکاب کرنے والے ایک گروپ سے تعلق ہے ۔ دریں اثنا ملزمین کی پیروی کرنے والے وکلا نے دہلی پولیس کے ادعا جات کو مسترد کردیا تھا اور کہا تھا کہ دہلی پولیس کی تحقیقات میں یہ ظاہر کرنے میں کامیابی نہیں ملی کہ ان کے ملزمین نے کسی طرح کا کوئی جرم کیا تھا یا انہوں نے میچ فکس کیا تھا ۔ وکیل صفائی نے یہ بھی استدلال پیش کیا تھا کہ اس کیس میں الزامات وضع کرنے کیلئے بھی ابتدائی ثبوت و شواہد موجود نہیں ہیں۔ عدالت نے قبل ازیں داؤد ابراہیم اور چھوٹا شکیل کو مفرور ملزمین قرار دیدیا تھا کیونکہ وہ اس کیس میں گرفتاری سے بچ رہے تھے ۔ پولیس نے عدالت سے کہا کہ داؤد اور چھوٹا شکیل کی جو جائیدادیں ممبئی میں ہیں وہ پہلے ہی 1993 کے ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں کے کیس میں ضبط کرلی گئی ہیں اور یہ دونوں 1993 کے بعد سے ہندوستان نہیں آئے ہیں۔