موہالی ( پنجاب ) 3 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین پریمئیر لیگ کے ایک میچ میں آج ممبئی نے اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھا اور اس نے ممبئی کے خلاف 23 رنوں سے کامیابی درج کروائی ۔ ممبئی کی کامیابی میں اس کے بولرس کا اہم رول رہا جنہوں نے پنجاب کے بلے بازوں کو کھل کر بیٹنگ کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا اور وقفہ وقفہ سے وکٹس حاصل کرتے ہوئے رنوں کے تعاقب کی ان کی کوشش کو ناکام بنادیا ۔ پنجاب کی ٹیم ممبئی کے 172 رنوں کا تعاقب کرتے ہوئے اپنے 20 اوورس میں سات وکٹس کے نقصان سے صرف 149 رنز ہی اسکور کرسکی ۔ ممبئی نے آج کے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورس میں تین وکٹس کے نقصان پر 172 رنز جوڑے ۔ ممبئی کی اننگز میں لینڈل سمنس اور پارتھیو پٹیل کی شاندار نصف سنچریاں شامل رہیں۔ لینڈل سمنس نے تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے 56 گیندوں میں ایک چھکے اور نو چوکوں کی مدد سے 71 رن بنائے ۔ انوریت سنگھ کی گیند پر وہ اکشر پٹیل کو کیچ دے بیٹھے ۔
پارتھیو پٹیل نے بھی بہترین بیٹنگ کی اور 56 گیندوں میں تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 59 رن بنائے ۔ انہیں کرن ویر سنگھ کی گیند پر مرلی وجئے نے کیچ کیا ۔ کپتان روہت شرما آج بڑی اننگز نہیں کھیل سکے اور انہوں نے 20 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 26 رن بنائے ۔ انہیں مچل جانسن کی گیند پر انوریت سنگھ نے کیچ کیا ۔ کیران پولارڈ سات گیندوں میں اتنے ہی رن بناکر اور امباٹی رائیڈو ایک گیند میں چار رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ پنجاب کیلئے انوریت سنگھ ‘ کرن ویر سنگھ اور مچل جانسن نے ایک ایک وکٹس حاصل کی ۔ جواب میں پنجاب کی شروعات ناقص رہی ۔ ماسٹر بلاسٹر سمجھے جانے والے وریندر سہیواگ آج پھر ناکام ہوگئے ۔ وہ پانچ گیندوں میں صرف دو رن بناکر آوٹ ہوئے ۔
ملنگا کی گیند پر پولارڈ نے ان کا کیچ لیا ۔ گلین میکس ویل بھی فارم میں نہیں آسکے اور 9 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 12 رن پر آوٹ ہوگئے ۔ سوچت کی گیند پر ونئے کمار نے ان کا کیچ لیا ۔ تاہم اوپنر مرلی وجئے اور ڈیوڈ ملر نے ٹیم کو کچھ سنبھالنے کی کوشش کی ۔ مرلی وجئے نے 34 گیندوں میں ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 39 رن بنائے ۔ ڈیوڈ ملر 37 گیندوں میں ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 43 رنز اسکور کئے ۔ وجئے کو ہربھجن سنگھ کی گیند پر انمکٹ چند نے کیچ کیا جبکہ ملر ملنگا کی گیند پر روہت شمرا کو کیچ دے بیٹھے ۔ جارج بیلی 18 گیندوں میں 21 رن بناکر رن آوٹ ہوئے جبکہ وردھی مان ساہا 12 گیندوں میں 12 رن بناکر رن آوٹ ہوگئے ۔ اکشر پٹیل بھی صفر کے اسکور پر رن آوٹ ہوئے جبکہ مچل جانسن نے 4 گیندوں میں ایک چھکے کی مدد سے 8 ناٹ آوٹ رنز بنائے ۔ پنجاب کی جانب سے لاست ملنگا نے دو وکٹس حاصل کئے جبکہ سوچت اور ہربھجن سنگھ کو ایک ایک وکٹ مل سکی ۔ اسطرح پنجاب کی ٹیم سات وکٹس کے نقصان پر 20 اوورس میں صرف 149 رن ہی اسکور کرسکی اور اسے 23 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔