ممبئی ۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے رواں سیزن کے موقع پر بی سی سی آئی کے زیراہتمام 4 اور 5 اپریل کو سمن ٹوفل کی طرف سے منعقد کردہ دو روزہ ورکشاپ میں امپائرس اور ریفرینر کے بشمول میچ کے 26 عہدیدار حصہ لیں گے جس میں کھلاڑیوں کے لباس کے ضابطوں سے لیکر کرکٹ گراونڈ پر کھلاڑیوں کے رویہ اور کھیل کے مجموعی حالات کا احاطہ کیا جائے گا۔ ٹوفل کو آئی سی سی کے سرکردہ امپائرس پیانل کے سابق رکن ہیں اور پانچ مرتبہ امپائر آف دی ایئر ایوارڈس حاصل کرچکے ہیں۔ فی الحال آئی سی سی ایمپائرس کی کارکردگی و تربیت کے منیجر ہیں۔ انڈین کرکٹ بورڈ کے ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہیکہ بی سی سی آئی میچ عہدیداروں کے ترقیاتی پروگراموں کے ایک حصہ کے طور پر کی جانے والی مساعی کے تحت تیسرے سال یہ ورکشاپ منعقد کی جارہی ہے۔ آئندہ آئی پی ایل سیزن میں شامل 26 میچ عہدیداروں میں 13 ہندوستانی امپائرس اور چارمیچ ریفرینر ہیں۔ آئی پی ایل سیزن 8 اپریل سے شروع ہوگا اور 24 مئی کو ختم ہوگا۔ بیان میں کہا گیا ہیکہ آئی پی ایل سیزن میں 60 میچس مقرر ہیں۔ ٹی ۔ 20 ٹورنمنٹ ہندوستانی سرکرہ میچ عہدیداروں کو بہترین مواقع فراہم کرے گا اور یہ ورکشاپ انہیں دلچسپ و سنسنی خیز آئی پی ایل کیلئے مزید صلاحیتوں کے ساتھ تیار کرسکتا ہے۔ اس ٹورنمنٹ کے ابتدائی حصہ کے دوران میچ عہدیداروں کے ساتھ کھیل کے مختلف مقامات کا دورہ کریں گے۔