لندن ۔ 6 ستمبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کیون پیٹرسن نے ٹیم کے حالیہ ونڈے مظاہروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انگلش کھلاڑی مختصر طرز کی کرکٹ میں بہتر مظاہرے کو اُس وقت تک بھول جائیں جب تک کے وہ آئی پی ایل میں شرکت کرتے ہوئے تجربہ حاصل نہیں کرتے ۔ انگلش کھلاڑی آئی پی ایل کو نظرانداز کرتے ہیں جبکہ اس ٹورنمنٹ سے بہت کچھ سیکھا جاسکتا ہے ۔ پیٹرسن نے روزنامہ ڈیلی ٹیلی گراف کیلئے تحریر کردہ اپنے مضمون میں لکھا ہے کہ مستقبل کو دیکھیں تو انگلش کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں شرکت کرنی چاہئے اور جب تک آئی پی ایل کو نظرانداز کیا جاتا رہے گا انگلش کھلاڑی محدود اوورس کی کرکٹ میں بہتر مظاہرہ نہیں کرسکتے۔ دیگر کھلاڑیوں سے دوستانہ ماحول میں بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا ۔
نغمہ کو پہلا انعام
حیدرآباد ۔ 6 ستمبر ۔ (راست) ایل بی اسٹیڈیم میں منعقدہ ساٹھویں ڈسٹرکٹ لیول انٹر اسکول اسپورٹس اور گیمس ٹورنمنٹ میں انڈوگرامر ہائی اسکول کی طالبہ شیخ نغمہ کو باکسنگ کی انڈر 17زمرہ میں پہلا انعام حاصل ہوا ہے ۔ کامیابی پر نامپلی ، سبحان پورہ سے تعلق رکھنے والی اس باکسر کو عزیز و اقارب نے مبارکباد دی۔