حیدرآباد ۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مقابلہ میں ایک اور کامیابی دلوانے والی اننگز کھیلتے ہوئے آئی پی ایل کے رواں سیزن کا اختتام کرنے والے سن رائزس حیدرآباد کے بائیں ہاتھ کے اوپنر اور ٹورنمنٹ میں فی الحال سب سے زیادہ رنز بنانے والے ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے آئی پی ایل کو تیاری کا بہترین موقع قرار دیا ہے۔ گذشتہ رات ٹورنمنٹ میں اپنا آخری میچ کھیلنے والے وارنر نے کنگس الیون پنجاب کے خلاف 56 گیندوں میں 81 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹورنمنٹ میں فی الحال وہ 692 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں پہلے مقام پر فائز ہیں۔ ان کی اس شاندار اننگز سے حیدرآباد نے 45 رنز کی کامیابی حاصل کی ہے اور آئی پی ایل کے دوسرے مرحلہ پلے آف میں رسائی کے امکانات بھی روشن ہوئے ہیں۔ کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے حیدرآبادی اوپنر وارنر نے کہا کہ ورلڈ کپ کیلئے وہ اب پرعزم ہیں کیونکہ آئی پی ایل ورلڈ کپ کیلئے تیاری کا ایک بہترین موقع فراہم کیا ہے۔ وارنر نے انگلینڈ میں 30 مئی کو شروع ہونے والے ورلڈ کپ کو ہمالیائی اسکور کا ٹورنمنٹ قرار دیا ہے۔ ورلڈ کپ کے ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے بائیں ہاتھ کے جارحانہ آسٹریلیائی اوپنر نے کہا کہ آپ دیکھیں گے کہ ورلڈ کپ میں مقابلے ہمالیائی اسکور کے ہوں گے کیونکہ امید کرتے ہیں کہ اس موسم میں انگلینڈ کی وکٹوں پر گیند سوئنگ نہیں ہوگی۔ علاوہ ازیں انہوں نے یہ بھی کہا ہیکہ میزبان ٹیم اس وقت ونڈے کی بہترین ٹیم ہے اور ورلڈ کپ میں اس کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں۔ وارنر اور ان کے سابق کپتان اسٹیو اسمتھ کو جنوبی افریقہ کے دورہ کے موقع پر گذشتہ برس گیند کے ساتھ چھیڑخوانی کرنے کے جرم میں 12 ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی جو آئی پی ایل کے دوران مکمل ہوئی ہے۔ حیدرآباد کی کامیابی کے بعد وارنر نے کہا کہ ٹورنمنٹ میں آرینج کیاپ حاصل کرنا آسان نہیں تھا کیونکہ میں نے فارغ اوقات میں اپنے کھیل کو برقرار رکھنے کیلئے کافی محنت کی ہے۔ محنت کے باوجود 16 تا 18 ہفتے مسابقتی کرکٹ سے دور رہنے کے باوجود میں نے ایک اچھے والد اور شوہر ہونے کی تمام ذمہ داری مکمل کی ہے۔ حیدرآبادی کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے اہم کامیابی پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیم کی مجموعی سازش کا نتیجہ تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹورنمنٹ کے دوران ٹیم کی نظریں نشانات پر ہوتی ہیں اور ہماری نظر بھی آئندہ مرحلہ میں رسائی کیلئے درکار نشانات پر رہی۔ پنجاب کے خلاف مقابلہ حیدرآبادی ٹیم کیلئے کافی اہمیت کا حامل تھا جس میں ہم نے کامیابی حاصل کی ہے۔ وارنر اور ان سے قبل وکٹ کیپر بیٹسمین جانی بیرسٹو کی اب ٹیم کو عدم دستیابی پر اظہارخیال کرتے ہوئے ولیمسن نے کہا کہ مذکورہ کھلاڑی عالمی معیار کے کھلاڑی ہیں اور ان کی خلاء کو پُر کرنا اب آسان نہیں ہوگا۔ دوسری جانب پنجاب کے کپتان روی چندرن اشون نے کہا کہ حیدرآبادی ٹیم نے مقابلہ میں ہمیں چار شانے چت کیا ہے لیکن ٹیم کو شکست پر زیادہ سوچنے کی بجائے آئندہ مقابلہ پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی تاکہ ٹورنمنٹ میں خود کو برقرار رکھنے کیلئے حکمت عملی اور اس پر عمل پیرا ہوسکے۔