آئی پی ایل میں رائنا نے ویراٹ کو پیچھے چھوڑا

نئی دہلی، 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل میں سب سے زیادہ رن بنانے کے معاملے میں ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی اور بائیں ہاتھ کے بلے باز سریش رائنا کے درمیان سانپ سیڑھی کا کھیل چل رہا ہے ۔کبھی ویراٹ آگے نکلتے ہیں تو کبھی رائنا اُن کو پیچھے چھوڑ دیتے ہیں۔ رائنا چوٹ کی وجہ سے جب ٹورنمنٹ میں دو میچ مسلسل نہیں کھیل پائے تھے تو اس وقت ویراٹ نے انہیں پیچھے چھوڑ دیا تھا لیکن چینائی سوپر کنگز کے رائنا نے کل حیدرآباد میں سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف 54 رنز (ناٹ آؤٹ) کی اننگز کھیل کر رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان ویراٹ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ رائنا کے اب 165 میچوں میں 4658 رنز ہو گئے ہیں جس میں ایک سنچری اور 32 نصف سنچریاں شامل ہیں ۔رائنا نے اس دوران 416 چوکے اور 176 چھکے لگائے ہیں۔ویراٹ صرف 9 رنز کے فرق سے رائنا سے پیچھے ہیں۔ویراٹ کے 154 میچوں میں 4649 رنز ہیں جن میں چار سنچریاں اور 32 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ویراٹ نے 403 چوکے لگانے کے علاوہ 167 چھکے لگائے ہیں۔ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما بھی دوڑ میں برقرارہیں۔انہوں نے 164 میچوں میں 4345 رنز بنائے جبکہ دہلی ڈئیر ڈیولس کے کپتان گوتم گمبھیر نے 4213 رنز بنائے ہیں۔ آئی پی ایل سے دستبردار حیدرآباد کے آسٹریلیائی ڈیوڈ وارنر ٹورنمنٹ میں 4000 رنز بنانے والے ایک اور کھلاڑی ہیں۔