دوبئی 27 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل میں مسلسل شکستوں سے مسائل کا شکار رائل چیلنجرس بنگلور کی ٹیم کو کل ہونے والے میچ میں اب تک شکست سے بچی ہوئی کنگس الیون پنجاب کی ٹیم کا مقابلہ درپیش ہے ۔ بنگلور کی ٹیم کو اب تک اس ٹورنمنٹ میں کوئی کامیابی نہیں ملی ہے جبکہ پنجاب کی ٹیم ایک بھی شکست سے محفوظ رہی ہے ۔ رائل چیلنجرس بنگلور کی ٹیم میں ویسٹ انڈیز کے دھماکو بلے باز کرس گیل شامل نہیں ہیں کیونکہ ان کی پیٹھ میں تکلیف ہے
اسے راجستھان کے خلاف ہوئے میچ میں بدترین شکست ہوئی تھی ۔ بنگلور کی ٹیم راجستھان کے خلاف میچ میں آئی پی ایل کے تیسرے اقل ترین اسکور پر آوٹ ہوگئی تھی اور اس نے راجستھان کو کامیابی کیلئے محض 71 رنوں کا نشانہ دیا تھا ۔ اس کے تقریبا تمام بلے باز رنز اسکور کرنے میں ناکام رہے تھے ۔ صرف کپتان ویراٹ کوہلی کے سوا کوئی بھی اہم بلے باز کل کے میچ میں بڑا اسکور نہیں کرسکا تھا ۔ حالانکہ مڈل آرڈر میں یوراج سنگھ اچھے فارم میں دکھائی دے رہے ہیں لیکن ان کے رنز اسکور کرنے کی رفتار تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے ۔ کل ہوئی شکست رائل چیلنجرس کیلئے بدترین رہی ہے اور ویراٹ کوہلی چاہتے ہیں کہ اس شکست کو جتنی جلدی ممکن ہوسکے فراموش کردیا جائے
تاہم ان کی ٹیم کیلئے پنجاب کے خلاف کارکردگی کو بہتر بنانا اور نتیجہ کو الٹنا آسان نہیں ہوگا ۔ پنجاب کی ٹیم اس ٹورنمنٹ میں اب تک مستقل مزاجی سے مظاہرہ کرتی رہی ہے ۔ پنجاب کو کل رات کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے خلاف کامیابی ملی تھی تاہم یہ کامیابی اس کے بلے باز حاصل نہیں کرسکے بلکہ اس کے بولرس نے بہترین مظاہرہ کیا تھا ۔ پنجاب کے بلے باز حالانکہ بہترین فارم میں ہیں خاص طور پر گلین میکس ویل اور ڈیوڈ ملر نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے ۔ ان دونوں بلے بازوں کو روکنے میں بولرس کو کوئی کامیاب حکمت عملی کی ضرورت ہوگی جیسی کل رات کے میچ میں کولکتہ کے سنیل نارائن اور پیوش چاؤلہ نے اختیار کی تھی تاہم اس کے بعد کنگس الیون پنجاب کے بولرس سندیپ شرما اورمچل جانسن بھی کامیاب رہے تھے ۔
کنگس الیون پنجاب کیلئے اہم بات یہ ہے کہ اس کے سینئر بلے باز وریندر سہیواگ فارم میں آ رہے ہیں۔ فارم کی خرابی سے سہیواگ قومی ٹیم سے باہر ہیں ۔ وہ اب ٹورنمنٹ کی ضرورت کے مطابق فارم میں آ رہے ہیں۔ تاہم ایک اور بلے باز پجارا کا فارم تشویش کا باعث ہے اور وہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے ہیں۔