نئی دہلی ، 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی نے آج سپریم کورٹ میں درخواست پیش کرتے ہوئے اُن آڈیو ٹیپس کے ٹرانسکرپٹس چاہے ہیں جن میں صدر بورڈ این سرینواسن اور ہندوستانی کپتان مہیندر سنگھ دھونی کے بیانات شامل ہیں، جو مکل مڈگل کمیٹی نے ریکارڈ کئے، جس نے آئی پی ایل اسپاٹ اور میچ فکسنگ کے الزامات کی تحقیقات کی ہے۔ اس عرضی کا جسٹس اے کے پٹنائک کی قیادت والی بنچ کے روبرو ذکر کیا گیا، جس نے اس معاملہ کو سماعت کیلئے 11 اپریل پر ڈال دیا۔ اس درخواست میں بی سی سی آئی نے آئی پی ایل کے چیف آپریٹنگ آفیسر سندر رمن کے بیانات کے ٹرانسکرپٹس بھی طلب کئے ہیں۔ یہ درخواست کا تذکرہ بی سی سی آئی کی پیروی کرنے والے سینئر ایڈوکیٹ سی ایس سندرام نے کیا۔
پی سی بی کی سوپر T20 لیگ
کراچی ، 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ جنوری 2015ء میں یو اے ای میں اپنی طئے شدہ سوپر T20 لیگ منعقد کرے گا۔ ٹسٹ کھیلنے والے اقوام میں جاری دیگر بیرونی T20 لیگس کی خطوط پر پاکستانی لیگ کے تعلق سے پی سی بی چیرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان سوپر لیگ میں بیرونی کھلاڑی شامل ہوں گے، اسی لئے یہ متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگی۔