نئی دہلی ۔ /25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ ( بی سی سی آئی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اس مطالبے کو ٹھکرادیا ہے جس میں اس نے کولکاتہ نائٹ رائیڈرس کے کچھ میچوں کے شیڈول میں تبدیلی کی خواہش ظاہر کی تھی ۔ واضح رہے کہ آئی سی سی نے یہ درخواست بورڈ سے اس لئے کی تھی کہ /22 سے /26 اپریل کے درمیان کولکاتہ میں سالانہ میٹنگ ہونے والی ہے اور آئی سی سی چاہتا ہے کہ اس کے نمائندے اس دوران کے کے آر کے کچھ میچ اس کے ہوم گراؤنڈ پر دیکھیں ۔ بی سی سی آئی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اس بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی کی جانب سے اس معاملے میں ایک خاص اپیل کی گئی تھی کیونکہ وہ چاہتی ہے کہ اس کے نمائندے آئی پی ایل میچ دیکھیں ۔ لیکن /22 تا /26 اپریل کے درمیان ایڈن گارڈن میں کے کے آر کا کوئی میچ نہیں ہے ۔ کے کے آر آئی پی ایل میں اپنا گھریلو میچ /16 اپریل اور /3 مئی کو کھیلے گا ۔ /22 سے /26 اپریل کے درمیان کے کے آر کو اپنے میچ حیدرآباد ، ممبئی ، اندور ، بنگلور اور جئے پور میں کھیلنے ہیں ۔ عہدیدار کے مطابق اگر ہمیں موجودہ شیڈول میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کرنی پڑی تو پورا پروگرام ہی تبدیل ہوجائے گا ۔ اس لئے ہم نے آئی سی سی کو کہا ہے کہ اب تبدیلی ممکن نہیں ہے ۔ آئی سی سی کی اس میٹنگ کا انعقاد ممبئی کے بجائے کولکاتہ میں کیا جارہا ہے تاکہ پی سی بی (پاکستان کرکٹ بورڈ) کے عہدیداروں کے اس میں شریک ہونے پر کسی بھی سیاسی مخالفت سے بچاجاسکے ۔ حالانکہ نجم سیٹھی کو ہندوستانی ویزا حاصل کرنے میں دقتیں آسکتی ہیں ۔