حیدرآباد ، 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سن رائزرس حیدرآباد نے کپتان ڈیوڈ وارنر کی دھماکو اننگز (61 رنز، 28 گیندیں، 11 چوکے، ایک چھکا) کی مدد سے طاقتور چینائی سوپر کنگس کو آج یہاں راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم واقع اپل میں منعقدہ آئی پی ایل میں 22 رنز سے شکست دے دی۔ ایم ایس دھونی نے ٹاس جیت کر میزبانوں کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ، جس کا بالخصوص ’مین آف دی میچ‘ اوپنر وارنر نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ حیدرآباد کے 192/7 میں دوسرے اوپنر شکھر دھون (37) اور مڈل آرڈر بیٹسمن اوپن مورگن (32*) دیگر نمایاں اسکوررس رہے۔ جوابی اننگز میں مہمانوں کو 170/6 تک محدود رکھا گیا، جس میں موئزس ہنریکس (2/20) اور بھونیشور کمار (2/32) کی کارگر بولر نے اہم رول ادا کیا۔ حیدرآباد کی یہ آٹھ مقابلوں میں چوتھی جیت ہوئی اور اس کا پوائنٹس ٹیبل میں 5 واں نمبر ہے۔ قبل ازیں بنگلور و میں دن کے پہلے میچ میں جو بارش کے سبب 10 اوورز کا ہوا، کولکاتا نائٹ رائیڈرز (111/4) کیخلاف رائل چیلنجرز بنگلور نے دو گیندیں قبل 115/3 کیساتھ جیت درج کرائی۔