سنگاپور۔8 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بورڈ نے کونسل کی گورننس اور مالی معاملات ’’ بگ تھری ‘‘کی منظوری دے دی ہے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ قرارداد کو سنگاپور کے اجلاس میں پیش کیا گیا۔ اس قرارداد کو دس ارکان میں سے 8 کے ارکان کے ووٹ ملے جبکہ پاکستان اور سری لنکا نے رائے دہی میں حصہ نہیں لیا کیونکہ ان ممالک کا موقف تھا کہ ان کو اس ترمیم شدہ قرار داد کی جانچ پڑتال کے لیے مزید وقت درکار ہے۔واضح رہے کہ بی سی سی آئی کے صدر سری نواسن نے انگلینڈ اور آسٹریلیائی کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر ایک ایسا مسودہ آئی سی سی میں پیش کیا تھا جس میں ان تینوں ممالک کو آئی سی سی کے انتظامی اور مالی معاملات میں غلبہ حاصل ہوجائے گا۔آئی سی سی کی جانب سے منظور کردہ مسودے کے مطابق آئی سی سی کے ایگزیکٹیو اختیارات اور مالی کنٹرول ای سی بی، کرکٹ آسٹریلیا اور بی سی سی آئی کے ہاتھ میں رہے گا، جو علی الترتیب انگلینڈ، آسٹریلیا اور ہندوستان کے کرکٹ بورڈ ہیں۔اس کے علاوہ یہ تینوں کرکٹ بورڈس آئی سی سی کی ایگزیکیٹو کمیٹی کے مستقل رکن ہوں گے جبکہ چوتھا رکن دیگر سات ممالک میں سے کوئی ایک نامزد ہوگا۔عالمی کرکٹ کی آمدنی کا بڑا حصہ انھی تین کرکٹ بورڈز کو ملے گا
جبکہ ٹسٹ میچوں میں ترقی اور تنزلی کے طریق کار میں بھی یہ تینوں کرکٹ بورڈز تنزلی سے مستثنیٰ ہوں گے۔’بگ تھری منصوبہ‘ یعنی کرکٹ کے تین بڑے ممالک انگلینڈ، آسٹریلیا اور ہندوستان کی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پر اجارہ داری کے مسودے کی پاکستان، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کھل کر مخالفت کر رہے تھے۔تاہم آج کی رائے دہی میں جنوبی افریقہ نے اپنا موقف بدلا اور بیگ تھری کے حق میں ووٹ ڈالا۔بگ تھری‘ کے منصوبے کی کامیابی کے لیے انہیں پاکستان، جنوبی افریقہ اور سری لنکا میں سے کسی ایک رکن کا ووٹ درکار تھا۔ ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، زمبابوے، اور بنگلہ دیش بگ تھری کے منصوبے کے حامی ہیں۔آئی سی سی کی جانب سے منظور کردہ قرارداد کے تحت ٹسٹ کھیلنے والی ٹیموں کے لئے 2023 اپنے ملک میں ٹسٹ پروگرام کو یقینی بنانے کے لیے ایک ٹسٹ فنڈ متعارف کیا جائے گا۔یہ فنڈ کرکٹ آسٹریلیا، بی سی سی آئی اور ای سی بی کے علاوہ تمام ٹسٹ کھیلنے والے ممالک کے لئے ہوگا۔بی سی سی آئی کے سرینواسن جولائی 2014 سے آئی سی سی کے بورڈ کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالیں گے۔ ای سی بی کے گائلز کلارک مالیہ اور تجارتی کے کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔ یہ دونوں افراد جولائی 2016 تک ان عہدوں پر کام کریں گے۔