آئی سی سی ٹوئنٹی 20 میں آج سری لنکا ۔ نیوزی لینڈ اہم مقابلہ

چٹگانگ 30 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں سری لنکا کا کل نیوزی لینڈ کے ساتھ مقابلہ ہونے والا ہے اور سری لنکا کی ٹیم سیم یفائنل میں جگہ بنانے کی ہر ممکن کوشش کریگی ۔ گروپ ون میں سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے تین تین میچس ہوئے ہیں اور دو دو کامیابیوں کے ساتھ دونوں ہی ٹیموں کے فی کس چار چار پوائنٹس ہیں ۔ کل ہونے والے میچ کے نتیجہ سے یہ فیصلہ ہوسکتا ہے کہ کونسی ٹیم اس گروپ میں جنوبی افریقہ کے ساتھ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی ہوگی ۔جنوبی افریقہ نے چار میچس میں تین میں کامیابی کے ساتھ چھ پوائنٹس حاصل کئے ہیں اور وہ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی ہوچکی ہے ۔

سری لنکا کی ٹیم اس ٹورنمنٹ میں بلند حوصلوں کے ساتھ شریک ہوئی تھی ۔ اس نے ٹورنمنٹ سے قبل ایشیا کپ جیتا تھا اور اس نے اپنے ابتدائی دو میچس جنوبی افریقہ اور نیدر لینڈز کے خلاف جیتے تھے ۔ نیدرلینڈ کی ٹیم نے سری لنکا کے خلاف صرف 39 رنز بنائے تھے اور سری لنکا نے بآسانی کامیابی حاصل کرلی تھی ۔ تاہم اپنے تیسرے میچ میں سری لنکا کو انگلینڈ کے خلاف شکست ہوئی تھی جب اس کے بولرس انگلش بلے باز الیکس ہیلس کو روکنے میں ناکام رہے تھے جنہوں نے 64 گیندوں میں 116 رنز اسکور کئے تھے ۔ سری لنکا کی ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنانے کل نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے مظاہرہ میں بہتری پیدا کرنے کی کوشش کریگی تاہم انہیں اپنی بولنگ کو موثر بنانے کی ضرورت ہے ۔ انگلینڈ کے خلاف میچ میں سری لنکا کے تمام ہی بولرس مہینگے ثابت ہوئے تھے ۔ سری لنکا کے بولرس نیوزی لینڈ کے خلاف مہینگے ثابت ہونے کے متحمل نہیں ہوسکتے کیونکہ اس کے پاس برینڈن مک کیولم ‘ راس ٹیلر اور کورے اینڈرسن جیسے بلے باز ہیں۔

سری لنکا کی ٹیم ڈک ورتھ لیوس سسٹم کے تحت انگلینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی جبکہ جنوبی افریقہ کے خلاف سخت جدوجہد کے باوجود اسے شکست ہوئی تھی پھر اس نے نیدرلینڈز کے خلاف کامیابی حاصل کرلی تھی ۔ وہ سری لنکا کے خلاف کامیابی کے ذریعہ سیمی فائنل میں جگہ کو یقینی بنانے کی کوشش کریگی ۔ نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن مک کیولم اور بلے باز راس ٹیلر بہترین فارم میں ہیں جبکہ نیوزی لینڈ میں اینڈرسن جیسے ہٹر آل راونڈر بھی ہیں۔ اینڈرسن اب تک کوئی بڑی اننگز نہیں کھیل سکے ہیں اور سری لنکا کی کوشش ہوگی کہ کل کے میچ میں بھی انہیں کوئی بڑا اسکور کرنے سے روکا جائے ۔ برینڈن مک کیولم اپنی ٹیم کیلئے شاندار مظاہرہ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔