آئی سی سی ویمنس ورلڈ کپ کوالیفائر 2017

سری لنکا میزبان ، 10 ٹیموں میں مقابلہ ہوگا
دبئی۔ 30 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی ویمنس ورلڈ کپ کوالیفائر 2017ء کیلئے اب جبکہ صرف 100 دن باقی رہ گئے ہیں، کولمبو کو 10 ٹیموں کے اس مقابلہ کا میزبان قرار دیا گیا ہے۔ یہ میچس 7 تا 21 فروری 2017ء کھیلے جائیں گے۔ آئی سی سی ویمنس چمپین شپ میں بنگلہ دیش، آئرلینڈ، پاپوانیوگنیا، تھائی لینڈ، اسکاٹ لینڈ اور زمبابوے کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ان میں سے چار ٹیموں کا آئی سی سی ویمنس ورلڈ کپ کیلئے انتخاب عمل میں آئے گا جو 26 جون تا 23 جولائی برطانیہ میں منعقد ہورہا ہے۔ میزبان سری لنکا کی شرکت یقینی ہے جبکہ مابقی تین ٹیموں کی میچس کے فائنل راؤنڈ کے بعد ہی توثیق ہوسکے گی۔ یہ میچس نومبر میں ہوں گے۔ ورلڈ چمپین آسٹریلیا پہلے ہی آئی سی سی ویمنس چمپین شپ جیت چکا ہے اور اس نے آئندہ سال ورلڈ کپ کیلئے داخلہ یقینی بنالیا ہے۔ جبکہ انگلینڈ ، ویسٹ انڈیز ، نیوزی لینڈ، جنوبی آفریقہ، ہندوستان اور پاکستان مابقی تین مقامات کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ کولمبو میں 10 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر گروپ میں سے ٹاپ ٹیمیں سوپر سکس مرحلے تک پہنچیں گی جس کے بعد آئندہ آئی سی سی ویمنس ورلڈ کپ کوالیفائر تک کیلئے ونڈے انٹرنیشنل کا موقف حاصل کریں گی۔ ٹاپ 4 ٹیمیں آئی سی سی ورلڈ کپ 2017ء کیساتھ ساتھ آئندہ آئی سی سی ویمنس چمپین شپ کیلئے اہل رہیں گی۔