دبئی۔ 21 جون (سیاست ڈاٹ کام) این سرینواسن کو بی سی سی آئی صدر بننے سے روک دیا گیا ہے لیکن وہ جاریہ ہفتہ کے اواخر میں باربڈوس میں آئی سی سی بورڈ اجلاس میں بی سی سی آئی کی نمائندگی کریں گے۔ آئی سی سی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 24 تا 26 جون بورڈ میٹنگ میں سرینواسن بی سی سی آئی کے نمائندہ ہوں گے۔ اس کے علاوہ سرینواسن بحیثیت صدرنشین آئی سی سی بورڈ اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔ آئی سی سی سالانہ کانفرنس کل شروع ہورہی ہے اور اس کے 2 دن بعد یہ بورڈ میٹنگ رکھی گئی ہے۔ تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ جگموہن ڈالمیا بورڈ میٹنگ میں بی سی سی آئی کی نمائندگی کیوں نہیں کریں گے، حالانکہ مارچ میں انہیں بی سی سی آئی صدر منتخب کیا گیا تھا۔