دوبئی 12 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی نے آئندہ آٹھ سال کیلئے اپنے ایوینٹس کے آڈیو ۔ ویژول حقوق مشترکہ طور پر اسٹار انڈیا اور اسٹار مڈل ایسٹ کو فروخت کردئے ۔ یہ حقوق 2015 سے 2023 تک کیلئے ہیں۔ اس وقت کے دوران چینل کے ذریعہ دو ورلڈ ٹی 20 اور دو 50 اوورس کے ورلڈ کپ ٹورنمنٹس ٹیلی کاسٹ کئے جائیں گے ۔ اسٹار انڈیا اور اسٹار مڈل ایسٹ کو یہ حقوق حاصل کرنے میں 17 کمپنیوں پر سبقت حاصل ہوئی ۔ جملہ 17 چینلس نے ان حقوق کیلئے مسابقتی بولیاں داخل کی تھیں ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایک اعلامیہ کے بموجب آئی سی سی کے بزنس کارپوریشن بورڈ نے دوبئی میں آج منعقدہ اپنے ایک اجلاس میں اسٹار انڈیا اور اسٹار مڈل ایسٹ کو یہ حقوق دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔
کہا گیا ہے کہ حقوق کی فروخت کا عمل جولائی 2014 سے شروع ہوا تھا جب ٹنڈر کی اجرائی ہوئی اوربولیاں طلب کی گئی تھیں۔ اس عمل کے دوران دو مرتبہ کی بولیاں ہوئی ہیں اور آئی سی سی کو جملہ 17 مسابقتی بولیاں وصول ہوئیں ۔ مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے براڈ کاسٹرس نے یہ بولیاں پیش کی تھیں۔ آئی سی سی نے اپنے سرکاری اعلامیہ میں ان حقوق کی فروخت سے موصولہ فیس کا کوئی تذکرہ نہیں کیا ہے ۔ فی الحال آئی سی سی کے آڈیو ۔ ویڈیو براڈ کاسٹ حقوق ای ایس پی این اسٹار اسپورٹس کو حاصل ہیں اور یہ حقوق آئندہ سال ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ 2015 کے ساتھ ہی ختم ہوجائیں گے ۔ جو آٹھ سال کا نیا معاہدہ ہو رہا ہے اس میں آئی سی سی کے جملہ 18 ٹورنمنٹس ‘ بشمول دو آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپس 2019 اور 2023 کے علاوہ دو آئی سی سی چمپئنس ٹرافی ٹورنمنٹس 2017 اور 2021 بھی شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ آئی سی سی کے دو ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹس 2016 اور 2020 کا بھی اس میں احاطہ کیا گیا ہے ۔
آئی سی سی کے صدر نشین مسٹر این سرینواسن نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ اسٹار گروپ کے ساتھ ہماری پارٹنر شپ آئی سی سی کے آئندہ ٹورنمنٹس کیلئے بھی بڑھ گئی ہے ۔ اس معاہدہ کے نتیجہ میں ہماری شراکت داری کی اہمیت اور استحکام کا پتہ چلتا ہے اور ہم نے 2007 سے جو خدمات فراہم کی ہیں ان کی اہمیت بھی واضح ہوجاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسٹار کی ایک اسپورٹس براڈکاسٹر کی حیثیت سے ایک منفرد پہچان ہے اور اس نے آئی سی سی ایونٹس کا احاطہ کرتے ہوئے اس کھیل کے فروغ میں بھی اہم رول نبھایا ہے اور وہ حقیقی معنوں میں عالمی اور ریکارڈ بریکنگ تعداد میں شائقین تک رسائی حاصل کرتا ہے
اور ہمیں آئندہ آٹھ برس کیلئے براڈکاسٹر سے اپنے روابط کی خوشی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدہ کے نتیجہ میں آئندہ آٹھ سال کیلئے آئی سی سی کے رکن ممالک کو استحکام حاصل ہوگا اس کے علاوہ ترقی پذیر اور مستحکم ممالک میں کھیل کے فروغ کیلئے فنڈز بھی دستیاب ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھرتے ہوئے ممالک کو کھیل کی تاریخ میں سب سے زیادہ فنڈز دستیاب ہونگے اور کرکٹ کے مستقبل کو محفوظ کرنے کیلئے بھی اس سے مدد ملے گی ۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکیٹیو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ اس معاہدہ کے نتیجہ میں ہمارے تمام ارکان کیلئے مزید رقم حاصل ہوگی اس کے نتیجہ میں کرکٹ کے فروغ اور ترقی کو ممکن بنایا جاسکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ آٹھ سال کے دوران بھی اسٹار کا آئی سی سی کے ساتھ اچھا رشتہ رہا ہے اور اس چینل نے آئی سی سی کے ایونٹس کی بہتر انداز میں تشہیر کرتے ہوئے اس کے فروغ میں اپنا رول ادا کیا ہے ۔ انہیں خوشی ہے کہ اس رشتہ کو مزید آٹھ سال تک جاری رکھنے کا موقع ملا ہے ۔ مسٹر سرینواسن نے مزید کہا کہ اسٹار نے جو فیس ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ اب یہ کھیل پہلے سے زیادہ طاقتور ہوگیا ہے اور آئندہ آٹھ سال میں اسے مزید معاشی استحکام حاصل ہوگا ۔اس کے نتیجہ میں آئی سی سی کے علاوہ اس کے تمام رکن ممالک کو بھی فائدہ ہوگا ۔