طرابلس 10 دسمبر ( (سیاست ڈاٹ کام) دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ (آئی ایس) کے دہشت گردوں نے لیبیا میں دو ماہ قبل یرغمال بنائے گئے چھ افراد کو ہلاک کر دیا ۔لیبیائی افسر اوتھمن ھاسونا نے اس واقعہ کی تصدیق کی ہے ۔ انہوں نے مقامی ٹی وی چینل لیبیاا لاھرار کو بتایا کہ گزشتہ اکتوبر میں آئی ایس دہشت گردوں کے ایک حملے میں پانچ افراد مارے گئے تھے ۔ اسی دوران جوفرا کے پھوگا علاقے سے 10 لوگوں کو یرغمال بنا لیا تھا، جن میں سے چھ افراد کو قتل کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ فوج اور دہشت گرد وں کے درمیان یرغمالیوں کے بدلے گرفتار دہشت گردوں کی رہائی کی ثالثی کی بات چیت چل رہی ہے ۔آئی ایس نے حملے کی ذمہ داری لیتے ہوئے بہت سے فوجیوں کو اپنے قبضے میں لینے اور ان کے مکانات کو آگ لگانے کا دعوی کیا تھا۔