آئیڈنٹیٹی اتھاریٹی ویب میں اردو اور ملیالم زبان کی شمولیت

دوبئی ۔ 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) یو اے ای کی آئیڈنٹیٹی اتھاریٹی کی ویب سائیٹ پر مزید پانچ بیرونی زبانوں بشمول ملیالم اور اردو کو جگہ دی گئی ہے تاکہ خلیجی ممالک میں برسرکار تارکین وطن تک بہ آسانی رسائی حاصل ہوسکے اور خدمات کو مزید آسان بنایا جاسکے۔ امارات کی آئیڈنٹیٹی اتھاریٹی نے اعلان کیا تھا کہ پانچ مزید زبانوں ملیالم، اردو، تگانوگ (ایسٹرونیشین زبان)، روسی اور منڈارین کو ویب سائیٹ سے مربوط کیا جائے گا اور اس طرح ان زبانوں میں مختلف معلومات کو فراہم کرنے کا معقول انتظام کیا گیا ہے تاکہ مندرجہ بالا پانچ زبانوں سے واقفیت رکھنے والوں کو کسی بھی نوعیت کی خدمت سے استفادہ آسان ہوجائے۔ مندرجہ بالا زبانیں انگریزی اور عربی زبان کے علاوہ ہوں گی۔ دریں اثناء امارات آئی ڈی کے ڈائرکٹر برائے حکومت و سوشیل کمیونکیشن عبدالعزیز المعماری نے بتایا کہ مختلف وزیٹرس کی نوعیت جو ویب سائیٹ یوزرس ہیں، پر سروے اور اسٹڈیز منظم کی گئی تھی تاکہ ان کی ترجیحات کا پتہ چلایا جاسکے اور اس کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ انگریزی اور عربی کے علاوہ مندرجہ بالا پانچ زبانوں سے واقفیت رکھنے والے بھی چاہے وہ امارات میں ہوں یا نہ ہوں، کم و بیش 9 ملین افراد نے ویب سائیٹ تک رسائی حاصل کی۔