ضرورتمندوں کو پکے مکانات فراہم کئے جائیں گے: آنندی بین پٹیل
راجکوٹ ۔ 16 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعلیٰ گجرات آنندی بین پٹیل نے آج اعلان کیا کہ ان کی حکومت ریاست کو آئندہ پانچ سالوں کے دوران سلم سے پاک ریاست میں تبدیل کردے گی جبکہ حکومت کی جانب سے ضرورتمندوں کو پکے مکانات بھی فراہم کئے جائیں گے۔ حکمراں بی جے پی کی جانب سے لانچ کی گئی متعدد اسکیمات کے افتتاح کے لئے وزیر اعلیٰ آج شہر میں موجود تھیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت گجرات نے شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی ہیں اور اب ان کی (آنندی) زیر قیادت حکومت ضرورت مندوں کو پکے مکانات بھی فراہم کرے گی۔ انہوں نے آٹومیٹک کچن کا بھی افتتاح کیا جہاں 81 اسکولوں سے تعلق رکھنے والے 35000 طلباء کیلئے مڈ ڈے میل اسکیم کے تحت کھانا تیار کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت اس نوعیت کے کچن تمام اصلاع اور شہروں میں قائم کرنے پر غور کر رہی ہے تاکہ بچوں کو غذائیت سے بھر پور کھانا ملے اور وہ تندرست رہیں۔ بعد ازاں انہوں نے کمپیوٹر کے ذریعہ کی جانے والی قرعہ اندازی ’’مکھیہ منتری گرہ یوجنا‘‘ کے تحت استفادہ کنندگان کے ناموں کا اعلان کیا ۔ اسی نوعیت کے دیگر پروگرام احمد آباد ، وڈودرہ اور سورت میں بھی منعقد کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں 2001 ء میں صرف 10 یونیورسٹیاں تھیں جن کی تعداد آج بڑھ کر 50 ہوگئی ہے جہاں کئی کورسس کو متعارف کیا گیا ہے ۔ انہوں نے سردار سرور ڈیم پرگیٹ تنصیب کرنے کی اجازت دینے پر وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا ۔ اس کے ذریعہ سوراشٹر اور کچھ میں آبی قلت کے مسائل پر قابو پایا جاسکے گا۔