نئی دہلی ۔ 26 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بی جے پی کی قومی مجلس عاملہ کا اجلاس آئندہ ماہ ایسے وقت منعقد ہوگا جب کہ 5 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تاریخ مقرر کی جائے گی اور نریندر مودی حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں سے مخالفین کی آواز کو کچل دینے اور ملک کی معیشت سے نمٹنے میں ناکامی جیسے مسائل پر مورچہ کھول دیا ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ قومی دارالحکومت میں پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے پہلے مرحلہ کے اختتام کے دوسرے دن 19 اور 20 مارچ کو مجلس عاملہ کے ارکان ملاقات کریں گے ۔ اجلاس سے قبل پارٹی سربراہ امیت شاہ جو کہ گذشتہ ماہ دوبارہ صدر منتخب ہوئے ہیں قومی عاملہ اور دیگر تنظیموں کی تشکیل نو کریں گے ۔ یہ اقدام ، زعفرانی پارٹی کو داخلی طور پر فعال بنانے کیلئے کئے جائیں گے ۔ اگرچیکہ بی جے پی نے پارلیمانی انتخابات میں شاندار کامیابی کے ساتھ مرکز میں اقتدار پر قبضہ کرلیا ہے ۔ لیکن دہلی اور بہار میں ذلت آمیز شکست کے بعد پارٹی کے زیر اقتدار ریاستوں گجرات اور ہریانہ کے مجالس مقامی کے انتخابات میں بھی اسے دھکا پہنچا ہے ۔ اور مجوزہ اجلاس میں شکست کی وجوہات کا جائزہ لے کر ایک نئی حکمت عملی تیار کی جائے گی تاکہ اپوزیشن کے چیلنجس کا شد و مد کے ساتھ مقابلہ کیا جاسکے ۔۔