آئرلینڈ اور سری لنکا کا دورۂ پاکستان غیریقینی

کراچی ۔ 11 جون ۔ (سیاست ڈاٹ کام)کراچی ایرپورٹ پر دہشت گرد حملوں کے بعد آئرلینڈ اور سری لنکائی کرکٹ ٹیم کا دورۂ پاکستان غیریقینی صورتحال کاشکار ہوچکا ہے ۔ پی سی بی کے ایک سینئر عہدیدار نے خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم رواں ماہ ملبورن میں منعقد شدنی آئی سی سی ایکزیکٹیو بورڈ اجلاس میں آئرلینڈ کرکٹ کے ارباب مجاز سے ایک معاہدہ کرنے والے تھے جس کے تحت آئرلینڈ کی ٹیم سپٹمبر میں پاکستان کا دورہ کرتے ہوئے لاہور میں تین ونڈے مقابلوں میں شرکت کرنے والی تھی ۔ علاوہ ازیں سری لنکا کرکٹ کی جانب سے مثبت ردعمل حاصل ہوا تھا اور اُمید کی جارہی تھی کہ رواں برس سری لنکائی ٹیم کسی بھی وقت ایک مختصر ونڈے سیریز کھیلے گی

لیکن اب اس حملے کے بعد یہ کہا جاسکتا ہے کہ یہ تمام تر کوششیں اب برفدان کی نذر ہوچکی ہیں ۔ انھوں نے مزید کہا کہ آئرلینڈ کو پاکستان آنے کی دعوت دینا اور اسے یقینی بنانا دراصل ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کے احیاء کیلئے کی جانے والی کوشش تھی ۔ انھوں نے مزید کہا کہ آئرلینڈ کے ساتھ کی جانے والی کوششوں کو انگلش اینڈ ویلس کرکٹ بورڈ ( ای سی بی ) کے چیرمین جائیلس کلارک کا بہتر تعاون حاصل تھا اور وہی آئرلینڈ کی ٹیم کو اس بات پر آمادہ کررہے تھے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے جہاں کرکٹ کھیلی جاسکتی ہے لیکن کراچی ایرپورٹ پر ہوئے حملے کے بعد تمام تر کوششیں بیکار ہوچکی ہیں۔ یاد رہے کہ 2009 ء میں جب لاہور میں سری لنکائی ٹیم پر دہشت گرد حملہ ہوا تھا تب سے آج تک ٹسٹ کھیلنے والی کسی بھی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے اور پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بند ہوچکی ہے ۔