۔277 اخبارات کے خلاف ڈی اے وی پی کا ایف آئی آر

نئی دہلی ۔28 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزارت اطلاعات و نشریات نے فیصلہ کیا ہے کہ زائد از 270 پبلی کیشنز کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کیا جائے ۔ ان اخبارات کے تعلق سے وزارت کو یہ احساس ہوا ہے کہ سرکاری اشتہارات کے ذریعہ حکومت کا پیسہ حاصل کرنے کی خاطر مبینہ طورپر دھوکہ دہی اور غلط ریکارڈ پیش کرنے کے مرتکب ہوئے ہیں۔ ڈپارٹمنٹ آف آڈیو ویژول پبلسٹی (DAVP)  کی جانب سے برسرموقع کئے گئے تنقیح کے بعد وزارت اطلاعات و نشریات کی نذر میں آنے والے اخبارات کی تعداد زائد از 277 ہے جو لکھنو اور دہلی سے شائع ہوتے ہیں۔ دہلی اور لکھنو میں کروائی گئی تنقیح سے پتہ چلا ہے کہ ان اخبارات کے مالکین نے گمراہ کن طریقہ سے اشتہارات حاصل کرکے سرکاری رقم کو دھوکہ کے ذریعہ حاصل کیا ۔ دلچسپ بات تو یہ ہے کہ 277 اخبارات کے منجملہ 70 اخبارات صرف ایک ہی پرنٹنگ پریس سے شائع ہورہے ہیں ۔ وزارت اطلاعات و نشریات نے ان اخبارات پر کڑی نظر رکھی ہے ۔ یہ بھی پتہ چلا ہے کہ اخبارات کے مالکین غلط ریکارڈ پیش کرکے سرکاری محکموں کو دھوکہ دے رہے ہیں ۔