۔111 رنز کی سبقت کے بعد ہندوستانی ٹاپ آرڈر پویلین واپس

لوور آرڈر کے شاندار مظاہروں کی بدولت سری لنکائی ٹیم پہلی اننگز میں 201  رنز بنانے میں کامیاب، مقابلہ اور سیریز کا دلچسپ اختتام متوقع۔

کولمبو ۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے لوور آرڈر بیٹسمنوں نے بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف پہلی اننگز میں اپنی ٹیم کو 47/6 کی نازک صورتحال سے باہر نکالتے ہوئے 201 رنز کا اسکور فراہم کیا بلکہ دوسری اننگز میں ہندوستانی ٹیم کے ابتدائی 3 بیٹسمنوں کو 7 رنز کے مجموعی اسکور پر ہی پویلین کی راہ دکھا دی۔ کولمبو میں رواں سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ٹسٹ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر ہندوستانی ٹیم نے 21 رنز اسکور کرلئے ہیں تاہم اسے 3 وکٹوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے اور وکٹ پر ٹیم کے مخصوص بیٹسمنوں کی آخری جوڑی ویراٹ کوہلی کے ہمراہ روہت شرما موجود ہیں۔ مجموعی طور پر ہندوستانی ٹیم کو مقابلہ میں 132 رنز کی سبقت حاصل ہے کیونکہ ہندوستانی ٹیم نے پہلی اننگز میں 312 رنز بنائے تھے اور اسے 111 رنز کی سبقت حاصل ہوئی ہے۔ بارش سے متاثرہ اس مقابلہ کا دلچسپ اختتام متوقع ہے جوکہ سیریز کے نتیجہ پر بھی اثرانداز ہوگا کیونکہ دونوں ہی ٹیمیں ابتدائی دو مقابلوں میں فی کس ایک کامیابی حاصل کرچکی ہیں۔ دن کے اختتام پر روہت شرما 10 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 14 رنز اسکور کرلئے ہیں جبکہ کپتان ویراٹ کوہلی 12 گیندوں میں ایک رن اسکور کئے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کے دوسری اننگز کا آغاز انتہائی ناقص رہا جیسا کہ پہلی اننگز میں ناقابل تسخیر سنچری اسکور کرنے والے چیٹیشور پجارا اننگز کی دوسری ہی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ بعدازاں چوتھے اوور کی دوسری گیند پر دوسرے اوپنر لوکیش راہول بھی پردیپ کی گیند پر بولڈ ہوئے جنہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 8 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 2 رنز بنائے۔ آؤٹ ہونے والے تیسرے بیٹسمین اجنکیا راہنے رہے جنہیں پرساد نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ راہنے کی اننگز 17 گیندوں پر مشتمل رہی جس میں انہوں نے ایک چوکا لگایا۔ پرساد 4.1 اوورس میں 8 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ پردیپ نے 3 اوورس میں 6 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ قبل ازیں ہندوستانی ٹیم نے اپنے کل کے اسکور 292/8 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور پہلی اننگز میں 312 رنز اسکور کئے۔ ہندوستان کے لئے پجارا نے 289 گیندوں میں 14 چوکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 145 رنز اسکور کرتے ہوئے 8 ویں وکٹ کیلئے لیگ اسپنر امیت مشرا کے ہمراہ 104 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی۔ اس موقع پر ہیراتھ نے مشرا کو آؤٹ کرتے ہوئے اس پارٹنرشپ کو توڑا۔ بعدازاں ایشانت شرما (6) اور اومیش یادو (4) کی جوڑی مخصوص بیٹسمین پجارا کا زیادہ دیر ساتھ نبھا نہیں پائے۔سری لنکا کیلئے پرساد نے 4 اور ہیراتھ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ سری لنکائی ٹیم کی پہلی اننگز کا آغاز ناقص رہا اور اس کے ابتدائی 6 کھلاڑی 47 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے تھے۔ اس موقع پر کشل پریرا (55) اور ہیراتھ (59) نے ساتویں وکٹ کیلئے 79 رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے ٹیم کو مشکل صورتحال سے باہر نکالا۔ 8 ویں وکٹ کیلئے 29، 9 ویں وکٹ کیلئے 27 اور 10 وکٹ کیلئے 18 رنز کی پارٹنرشپ نے ہندوستانی سبقت کو کم کیا۔ ہندوستان کے لئے فاسٹ بولر ایشانت شرما نے 54 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اسٹیورٹ بنی اور امیت مشرا نے فی کس 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ویراٹ کا نازیبا انداز
ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کا نازیبا ، جارحانہ سلوک اس وقت دیکھنے کو ملا جب سری لنکا کیلئے سب سے زیادہ 55 رنز بنانے والے بیٹسمین کشل پریرا کا کیچ پکڑنے کے بعد نہ صرف گیند کو پیر سے دے مارا بلکہ ٹی وی ری پلے سے محسوس ہورہا تھا کہ انہوں نے نازیبا الفاظ بھی استعمال کئے ہیں۔