یو پی میں گائے کے ڈھانچے برآمد ہونے کے بعد کشیدگی

گاؤ شالہ میں گائیوں کی اموات ، گاؤ کشی کی تردید
کانپور ۔ 8 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : اترپردیش کے ضلع جالون میں ایک گاؤ شالہ کے قریب مویشیوں کے ڈھانچے برآمد ہونے کے بعد کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ جالون کے پولیس سپرنٹنڈنٹ اروند چترویدی نے کہا کہ مقامی گاؤ شالہ میں تقریبا 500 مویشی ہیں جن میں اکثر مختلف امراض سے سے متاثر ہیں یا پھر سڑک حادثوں میں زخمی ہوئے ہیں ۔ انہوں نے گاؤ کشی کے اندیشوں کو مسترد کردیا ۔ اس علاقہ میں جمعہ کی شام ایک بچھڑے اور سات گائیوں کے ڈھانچہ برآمد ہوئے تھے ۔ چترویدی نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ ڈھانچہ 15 دن سے پڑے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک مقامی دیہاتی راجندر گاؤ داس کی طرف سے چلائے جانے والے گاؤ شالہ میں ان گائیوں کی اموات ہوئی ہیں ۔ گاؤ داس سے کہا گیا ہے کہ مستقبل میں مردہ گائیوں اور بچھڑوں کو مناسب طریقہ سے ٹھکانے لگایا جائے ورنہ اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔۔