یوگی حکومت کی پہلی سالگرہ کا جشن 15 دن منایا جائیگا

لکھنؤ۔ 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)دار الحکومت لکھنؤ میں کل یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کی پہلی سالگرہ کا مختصر جشن منانے کے بعد بی جے پی آج سے ریاست کے مختلف حصوں میں لوگوں کے درمیان جاکر حکومت کی کامیابیوں اور منصوبوں کو بیان کرے گی۔پارٹی کے ریاستی جنرل سکریٹری وجے بہادر پاٹھک نے بتایا کہ ‘ایک سال نئی مثال’ کے موضوع پرر یاست میں پارٹی کے تمام 1471 منڈلوں میں تقاریب منعقد کی جائیں گی جہاں پارٹی کے لیڈر کارکنوں سے تبادلہ خیال کر یں گے اور یوگی حکومت کی کامیابیوں کے بارے میں معلومات فراہم کریں گے ۔ انہوں بتایا کہ 26مارچ سے 6 اپریل کے درمیان پارٹی کے کارکن گاؤں گاؤں گھومیں گے اور لوگوں سے رابطہ کر کے ان کو حکومت کے منصوبوں اور کامیابیوں کے بارے میں بتائیں گے ۔ بی جے پی لیڈر کا دعوی ہے کہ حکومت کی طرف سے چار لاکھ ملازمتوں کے اعلان اور مٹی سے رائلٹی ہٹانے کے فیصلہ سے لوگ کافی متاثر ہوئے ہیں۔حکومت کے اس اقدام کی ہر جانب تعریف ہو رہی ہے ۔مسٹر پاٹھک نے کہا کہ اس سے پہلے پولیس مٹی کی کھدائی کے معاملہ میں گاؤں والوں کو پریشان کرتی تھی۔ حکومت کے فیصلہ سے لوگوں کے اوپر ہونے والے مظالم پر روک لگے گی۔ آئندہ 24مارچ کو وزرا مملکت اضلاع کا دورہ کریں گے جہاں وہ ضلع کے ہیڈ کوارٹر پر منعقد پروگرام کے ذریعہ مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کیساتھ حکومت کی پہلی سالگرہ دھوم دھام سے منائیں گے ۔