یوگا بلالحاظ مذہب دنیا کو جوڑے رکھنے کا ایک ذریعہ : مودی

نیویارک میں ایک نیچر کیور سنٹر کے افتتاح پر
ویڈیو لنک سے خطاب
یوگا کے پیغام نے چار سال میں آفاقیت حاصل
کرلی : نوتیج سرنا

اقوام متحدہ ؍ واشنگٹن ۔ 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ دنیا کے کروڑوں لوگوں نے عالمی یوم یوگا کو جوش و خروش کے ساتھ منایا وہیں وزیراعظم ہند نریندر مودی نے یوگا کو دنیا کو جوڑے رکھنے کا ایک ذریعہ بتایا اور کہا کہ اس کا کوئی مذہب نہیں ہے بلکہ یہ لوگوں کو انفرادی طور پر جسمانی اور دماغی توانائی فراہم کرتا ہے۔ نریندر مودی نے نیویارک کے کیٹ اسکلس علاقہ میں کل ویڈیو لنک کے ذریعہ Yo1 لگژری نیچر کیور سنٹر کا افتتاح انجام دیتے ہوئے یہ ریمارک کئے۔ انہوں نے کہا کہ یوگا کا مطلب ہے متحد کرنا اور یہی وجہ ہے کہ یوگا کیلئے ان کی دلچسپی میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے جس نے مجھے ایک امید افزاء حوصلہ بخشا ہے کیونکہ جہاں امید ہو وہاں کچھ بھی کیا جاسکتا ہے اور لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑا جاسکتا ہے۔ سنٹر کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران انہوں نے یہ بات کہی۔ یاد رہیکہ یہ سنٹر راجیہ سبھا ایم پی اور ایس ایل گروپ کے صدرنشین سبھاش چندر کی ذہنی اختراع ہے۔ اس موقع پر اس ٹیلی کاسٹ کا سبھاش چندر کے علاوہ ہندوستانی۔ امریکی کمیونٹی کے افراد نے نظارہ کیا جن میں ہندوستانی نژاد امریکی ہوٹیلئر سنت سنگھ چٹوال بھی شامل ہیں۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مودی نے کہا کہ ان کا ابتداء سے ہی یہ ایقان ہے کہ یوگا کا کوئی مذہب نہیں یعنی اسے کسی مخصوص مذہب سے جوڑا نہیں جاسکتا اور یہ ورزش ہر ایک کیلئے فائدہ مند ہے۔ ایسے لوگوں کے لئے بھی جو خود کو مذہبی تصور نہیں کرتے۔ صرف گذشتہ چارسالوں کے دوران عالمی یوم یوگا ایک تحریک بن چکا ہے اور کئی ممالک میں عوام کی روزمرہ کی زندگی کا حصہ بن چکا ہے اور لوگ خوشی خوشی اس ورزش کو انجام دیتے ہیں۔ ایسے لوگ جو یوگا جیسی ورزش عرصہ دراز سے کررہے ہیں، ان کیلئے بھی عالمی یوم یوگا کسی تہوار سے کم نہیں۔ سنٹر کے آغاز پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے کم و بیش 2000 راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس سنٹر پر آنے والے لوگ یوگا سے بھی استفادہ کرسکیں گے اور امریکہ میں بہتری کی جو تحریک چل رہی ہے اس میں اپنا قابل لحاظ تعاون پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوگا کی مقبولیت مغربی ممالک میں بڑھ رہی ہے۔ دوسری طرف ہندوستانی سفیر متعینہ امریکہ نوتیج سرنا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوگا کا پیغام اب آفاقیت اختیار کرچکا ہے جس کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کی جتنی بھی ستائش کی جائے وہ کم ہے۔ 2014ء میں موصوف نے یوگا جیسی ورزش کو عالمی سطح پر مقبول بنانے اور سال میں ایک بار یعنی 21 جون کو عالمی سطح پر یوم یوگا منانے کیلئے جو کوششیں کیں انہیں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ ہندوستانی سفارتخانہ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔ اس موقع پر یو ایس کانگریس میں پہلی بار منتخب ہوئی ہندو خاتون تلسی گبارڈ نے سب کو مبارکباد پیش کی جبکہ اپنی نیوز کانفرنس میں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان ہیتھرنوریٹ نے بھی صحافیوں کو مبارکباد پیش کی۔