یوسف پٹھان کی ناقابل تسخیرنصف سنچری‘بڑودہ کی چوتھی کامیابی

ممبئی/ چندی گڑھ۔4اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کپتان یوسف پٹھان کی ایک اور ناقابل تسخیر نصف سنچری کی بدولت یہاں ویسٹ زون کے سید مشتاق علی ٹوئنٹی 20ٹرافی میں بڑودہ نے متواتر چوتھی کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مہاراشٹرا نے 7وکٹوں کے نقصان پر 139رنز اسکور کئے تھے جب کہ بڑودہ نے چار وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ نشانہ 15گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا ۔ یوسف پٹھان نے چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 24گیندوں میںناقابل تسخیر 57رنز بناتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا ۔یوسف نے اپنی اننگز کے دوران چار چوکے اور تین چھکے لگائے ۔ 140رنز کے تعاقب میں بڑودہ کے آغاز ناقص رہا ‘ کیونکہ اس کے اوپنرس کیدار دیودھر 11رنز اور آدتیہ واگھموڈے نے صرف 2رنز بنائے اور ٹیم کو ابتداء میں ہی نقصانات برداشت کرنے پڑے ۔

واگھموڈے دوسرے اوورس میں اُس وقت پویلین کی راہ اختیار کی جب ہرشد کھڈی والا کے راست تھرو پر آؤٹ ہوئے ۔دو اوور بعد دیودھر بھی اُس وقت آؤٹ ہوئے جب ٹیم کا اسکور صرف 20رن تھا ۔ 20رنز کے مجموعی اسکور پر ابتدائی نقصانات کے بعد راکیش سولنکی اور ہرڈیک پانڈے کے درمیان تیسری وکٹ کیلئے 49رنز کی پارٹنرشپ بنی جس نے ٹیم کو استحکام دیا ۔ سولنکی نے 40ناؤٹ آؤٹ رنز کی اننگز کھیلی جب کہ پانڈے 29رنز بنائے ۔ تیسری وکٹ کیلئے ایک بہتر پارٹنرشپ کے بعد جب حالات بڑودہ کیلئے بہتر ہورہے تھے اُس وقت سریکانت منڈے نے ایک اوور میں دو وکٹیں حاصل کرتے ہوئے حریف ٹیم کو ایک رن بھی بنانے نہیں دیا جس کی بدولت مہاراشٹرا نے 69/4کے ذریعہ مقابلے میں واپسی کی کوشش کی ۔ بعدازاں کپتان یوسف پٹھان نے ٹیم کو بغیر کسی نقصان کے مطلوبہ نشانہ اپنی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت دلوادیا ۔ یوسف نے برق رفتار نصف سنچری اسکور کرنے کے علاوہ سولنکی کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلئے 73رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے مقابلے کو اپنی ٹیم کے حق میں کردیا ۔ قبل ازیںمہاراشٹرا کے اوپنر کھڈی والے نے 23گیندوں میں 27رنز بناتے ہوئے ٹیم کو ایک بہتر شروعات فراہم کی ۔ بڑودہ کیلئے عرفان پٹھان نے دو وکٹیں حاصل کیں لیکن چار اوورس میں 37رنز کے ذریعہ وہ مہینگے بولر ثابت ہوئے ۔

مہاراشٹرا کو ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کیلئے اس مقابلے میں کامیابی ضروری ہے تھی لیکن اس کی شکست کے بعد دیگر ٹیموں کیلئے بھی امکانات روشن ہوچکے ہیں ۔ نارتھ زون کے مقابلے میں دہلی نے کپتان گوتم گمبھیر اور ویریندر سہواگ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ہریانہ کو 9وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے متواتر چوتھی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ ہریانہ کی جانب سے کامیابی کیلئے دیئے گئے 141رنز کے نشانہ کو دہلی نے بہ آسانی صرف ایک وکٹ سے حاصل کرلیا کیونکہ گمبھیر اور سہواگ نے پہلی وکٹ کیلئے 96گیندوں میں 121رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ۔ گمبھیر نے 53گیندوں میں ناقابل تسخیر 75رنز اسکور کئے جس میں 7چوکے اور تین چھکے شامل ہیں ۔ جب کہ سہواگ نے 50گیندوں میں 49اسکور کئے جس میں تین چوکے اور ایک چھکا شامل ہے ۔ سہواگ 16ویں اوور میں ہرشل پٹیل کی گیند پر آؤٹ ہوئے ۔