یمن میں 24 گھنٹوں میں44 باغی ہلاک

دبئی9جون ( سیاست ڈاٹ کام)یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کی قیادت نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران صعدہ کے محاذ پر حوثی ملیشیا کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔عرب اتحاد کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صعدہ کے محاذ پر مارے جانے والے حوثی باغیوں کی تعداد 44 تک پہنچ گئی۔ اس کے علاوہ حوثیوں کے 46 ہتھیار اور حربی آلات بھی تباہ کر دیے گئے۔ گزشتہ چند روز کے دوران یمنی فوج نے اتحادی فورسز کی معاونت سے دو صوبوں الجوف اور صعدہ میں پیش قدمی کو یقینی بنایا ہے۔ اس دوران حوثی ملیشیا کے پہلے گڑھ صعدہ میں باغیوں کے ڈھیر ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ادھر تعز میں یمنی فوج نے شہر کے مغرب میں نئی پیش قدمی کی ہے۔ اس دوران الصفراء ، الجبیریۃ، المشبک اور دیگر علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لیا گیا۔اسی طرح یمنی فوج نے تزویراتی نوعیت کے پہاڑی علاقے جبلِ ابو النار پر نئے ٹھکانے اپنے کنٹرول میں لے لیے۔ اس دوران حوثی ملیشیا کی بڑی پسپائی کے نتیجے میں یمنی فوج حرض شہر کے قریب آ گئی۔