ہند ۔ پاک فوجی کارروائی کے ڈائرکٹر جنرلس کا اجلاس، ایک مثبت اقدام

اسلام آباد 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دونوں ممالک کے فوجی کارروائی کے ڈائرکٹر جنرلس کے اجلاس کو ’’ایک مثبت پیشرفت‘‘ قرار دیتے ہوئے پاکستان نے آج کہاکہ ہندوستان کے ساتھ بہتر تعلقات اُس کی ترجیح ہیں۔ ڈائرکٹر جنرلس کا اجلاس خط قبضہ پر کشیدگی کم کرنے کی ایک کوشش ہے۔ دفتر خارجہ پاکستان کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہاکہ 24 ڈسمبر کا اجلاس ایک مثبت پیشرفت ہے۔ دونوں ممالک کے فوجی کارروائی کے ڈائرکٹر جنرلس نے خط قبضہ پر خیرسگالی اور امن برقرار رکھنے کی ضرورت سے اور ایک دوسرے کے ساتھ ہاٹ لائن پر رابطہ برقرار رکھنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ فوجی عہدیدار باقاعدہ فلیگ اجلاس منعقد کرتے رہیں گے اور واقعات کو حد سے زیادہ بڑھنے نہیں دیں گے۔

اُنھیں مقامی سطح پر ہی قابو میں کرلیا جائے گا۔ وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے قومی سلامتی و خارجی اُمور سرتاج عزیز نے علیحدہ طور پر کہاکہ ہندوستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانا پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ چند ماہ میں مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔ یہ حکومت کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ حکومت اب ایک قومی صیانتی پالیسی کا تعین کررہی ہے تاکہ پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات برقرار رکھے جاسکیں۔ تسنیم اسلم نے کہاکہ وزیراعظم منموہن سنگھ اور وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے سپٹمبر میں خیرسگالی کے ماحول میں بات چیت کی تھی۔ فوجی عہدیداروں نے بھی ایک دوسرے سے ہاٹ لائن پر بات چیت کی تھی۔ گزشتہ 14 سال میں پہلی بار دونوں ممالک کے ڈائرکٹرس کی یہ دوبدو ملاقات تھی جس میں دونوں نے اتفاق کیاکہ خط قبضہ پر جنگ بندی برقرار رکھنے کے لئے موجودہ نظام میں نئی جان ڈالی جائے گی۔ دونوں ممالک کے تعلقات 5 ہندوستانی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد انتہائی کشیدہ ہوگئے تھے اور خط قبضہ کی دونوں جانب اشتعال پیدا ہوگیا تھا۔ اِس واقعہ کے کئی ماہ بعد دونوں ممالک کے ڈائرکٹرس کا اجلاس منعقد ہوا ہے تاکہ کشیدگی دور کی جاسکے۔