ہند ۔ سعودی باہمی تجارت کو فروغ دینے سے اتفاق

نئی دہلی۔ 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے ولیعہد سلمان بن عبدالعزیزالسعود نے آج صدرجمہوریہ پرنب مکرجی سے ملاقات کی اور مختلف اُمور بشمول تجارت و دہشت گردی پر تبادلہ خیال کیا۔ صدرجمہوریہ نے بتایا کہ سعودی عرب کی سکیورٹی کے معاملے میں جو تشویش ہے، ہندوستان اس سے تعلق خاطر کا اظہار کرتا ہے، کیونکہ دونوں ممالک دہشت گردی کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک دہشت گردی کے خلاف لڑائی بشمول دہشت گرد سرگرمیوں جیسے رقمی خردبرد، نشہ آور اشیاء، اسلحہ اور انسانوں کی تجارت کے معاملے باہمی تعاون کررہے ہیں۔

ولیعہد سلمان بن عبدالعزیز نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں ہندوستان کے تعاون کا خیرمقدم کیا۔ راشٹرپتی بھون کے ترجمان وینو راجہ مونی نے ایک صحافتی بیان میں یہ بات بتائی۔ انہوں نے دورۂ کنندہ مہمان کے حوالے سے بتایا کہ سعودی عرب ۔ ہندوستان یہ تعاون ہر دو کے لئے فائدہ مند ہے۔ یہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے دیگر ممالک کے حق میں بھی یہ تعاون مفید ثابت ہورہا ہے۔ ولیعہد نے کہا کہ عالمی منظر نامہ پر ہندوستان کا اپنا مقام ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین باہمی روابط کو مزید مستحکم کیا جانا چاہئے۔

صدرجمہوریہ نے بتایا کہ ہندوستان اور سعودی عرب کے مابین باہمی تجارت میں غیرمعمولی اضافہ ہوا اور یہ سال 2012-13ء میں 43 بلین ڈالرس سے متجاوز ہوگئی۔ اس کے علاوہ ہم مزید آگے بڑھ سکتے ہیں۔ ہمیں تیل سے غیرمربوط تجارتی شعبوں میں بھی دلچسپی لینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی کمپنیاں جو عالمی سطح پر اپنی ایک پہچان رکھتی ہیں اور جن کے پاس وسیع تجربہ کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے شعبہ میں مسابقتی ماحول پایا جاتا ہے ، وہ سعودی عرب میں پراجیکٹس شروع کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ پرنب مکرجی نے ہندوستان میں انفراسٹرکچر کے فروغ بالخصوص تعمیری پراجیکٹس برائے شاہراہیں، بندرگاہیں، ایرپورٹس، میٹروز، سپلائی چین اور پاور پلانٹس میں سعودی سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

سعودی ولیعہد کے اعزاز میں
وزیراعظم کا نجی ظہرانہ
وزیراعظم منموہن سنگھ نے غیرمعمولی خیرسگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلمان بن عبدالعزیز السعودکے اعزاز میں نجی ظہرانہ کا اہتمام کیا۔ دونوں قائدین نے باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ وزیراعظم نے ہندوستانی حجاج کرام کیلئے غیرمعمولی انتظامات اور سعودی عرب میں مقیم تقریباً 2 ملین ہندوستانی شہریوں کے مفادات کی نگہبانی پر پرنس سلمان سے اظہار تشکر کیا۔ وزیراعظم کے دفتر نے بتایا کہ دونوں قائدین نے تجارت، سرمایہ کاری، دہشت گردی اور مغربی ایشیا و افغانستان میں سکیورٹی کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے سعودی پرنس سے کہا کہ ہندوستان کے سعودی عرب کے ساتھ خصوصی اور گہرے روابط ہیں اور ہم اسے غیرمعمولی اہمیت دیتے ہیں۔