ہند نژاد قائد لیو وراڈکر آئرلینڈ کے متوقع وزیراعظم

ڈبلن۔ 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) لیو وراڈکر کی داستان بڑی عجیب ہے۔ وہ ایک ہندوستان نژاد آئرش ہیں اور اپنے ہم جنس پرست ہونے کا اعلان کر چکے ہیں اور قوی امکان ہے کہ وہ دو روز بعد آئرلینڈ کے اگلے حکمران منتخب ہو جائیں گے۔دو ہفتے قبل آئرلینڈ کے وزیرِ اعظم اینڈا کینی صرف ایک برس اقتدار میں رہنے کے بعد مستعفی ہو گئے تھے۔اس خلا کو پر کرنے کے لیے جمعرات سے انتخابی عمل شروع ہو جائے گا، اور پارلیمانی پارٹی کے الیکٹورل کالج کی ووٹنگ کے بعد دو جون کو نئے رہنما کے نام کا اعلان کر دیا جائے گا۔ان کے واحد حریف 44 سالہ سمون کونوی ہیں جو حالیہ حکومت میں ہاؤسنگ کے وزیر ہیں۔اس وقت ورادکر کو 45 ارکان کی حمایت حاصل ہے جب کہ 20 ارکان کونوی کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔38 سالہ ورادکر آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں پیدا ہوئے تھے اور وہ ممبئی سے ترکِ وطن کر کے آئرلینڈ جا بسنے والے ڈاکٹر اشوک ورادکر کے بیٹے ہیں۔