ہند اور اسپین کے درمیان سات سمجھوتوں پر دستخط

ماریانو راجوئے سے بات چیت ، اصلاحات کی ستائش
میڈرڈ۔31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ کے موقع پر ہندوستان اور اسپین نے آج سات سمجھوتہ پر دستخط کئے جن میں سائبر سکیورٹی کے علاوہ شہری ہوا بازی کے شعبہ میں تیکنیکی تعاون کے معاہدے بھی شامل ہیں۔ ہسپانوی دارالحکومت میں واقع مونگلوا محل میں میزبان صدر ساریانو راجوئے سے وزیراعظم مودی کی بات چیت کے بعد ان معاہدوں پر دستخط کی گئیں۔ جانبین نے زیر قید افراد کی منتقلی اور سفارتی پاسپورٹس کے حامل افراد کو ویزا سے استثنیٰ کے سمجھوتے بھی کئے۔ علاوہ ازیں اعضاء کی پیوندکاری، سائبر سکیورٹی، قابل تجدید توانائی، شہری ہوا بازی سے متعلق پانچ سمجھوتے کئے گئے۔ ہندوستانی ادارہ برائے خارجی خدمات اور ہسپانوی سفارتی اکیڈیمی کے مابین ایک سمجھوتہ بھی کیا گیا۔ مودی 1988ء کے بعد اس ملک کا دورہ کرنے والے پہلے وزیراعظم ہیں۔ انہوں نے اسپین کے صدر راجوئے کی ستائش کرتے ہوئے ان کی قیادت میں اس ملک نے غیرمعمولی اقتصادی اصلاحات کئے ہیں اور یہ (معاشی اصلاحات) میری حکومت کی بھی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ یوروپی یونین میں اسپین، ہندوستان کا ساتواں بڑا تجارتی ساجھیدار ہے۔ 2016ء کے دوران 5.27 ارب امریکی ڈالر مالیتی دو طرفہ تجارت کی گئی۔