ہندوستان کا ورلڈ کپ میں بلجیم سے پہلا مقابلہ

نئی دہلی ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ہاکی ٹیم ورلڈ کپ 2014ء کے اپنے پہلے مقابلہ میں بلجیم کا سامنا کرے گی جیسا کہ ورلڈ کپ 2014ء کا نیدرلینڈس میں 31 مئی تا 15 جون کو انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کی جانب سے آج معلنہ ورلڈ کپ کے شیڈول کے مطابق ہندوستان کو پول اے میں رکھا گیا ہے اور وہ 31 مئی کو بلجیم کے خلاف اپنا پہلا مقابلہ کھیلے گی۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم 2 جون کو دوسرا مقابلہ انگلینڈ کے خلاف، 5 جون کو تیسرا مقابلہ اسپین کے خلاف، 7 جون کو چوتھا مقابلہ ملائیشیا کے خلاف اور 9 جون کو اپنا آخری گروپ مرحلہ کا مقابلہ عالمی چمپیئن آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔ یہ ایسا دوسرا موقع ہے کہ جب مرد اور خاتون زمرہ کے ہاکی ورلڈ کپ کا انعقاد ایک ہی ساتھ ایک ہی مقام پر کیا جارہا ہے۔

ورلڈ کپ ٹورنمنٹ 76 مقابلوں پر مشتمل ہے اور اس طرح عالمی کپ کے ایک دن میں 6 مقابلے کھیلے جائیں گے اور گروپ مرحلہ کے مقابلے 10 جون تک جاری رہیں گے۔ بعدازاں ناک آوٹ مرحلہ کا آغاز ہوگا اور اس مرحلہ میں ایک دن میں 4 مقابلے منعقد ہوں گے۔ مرد زمرہ کے سیمی فائنل مقابلے 13 جون کو کیوسیرا اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے جبکہ خاتون زمرہ کا فائنل مقابلہ 14 جون کو کھیلا جائے گا جس کے ایک دن بعد یعنی 15 جون کو مرد زمرہ کا ورلڈ کپ خطابی مقابلہ منعقد ہوگا۔ اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے ایف آئی ایچ کے سی ای او کیلی فیر ویدر نے کہا کہ آج کا دن ہاکی کیلئے ایک بہترین دن ہے۔