ہندوستان متحدہ عرب امارات کے درمیان دو معاہدات پر دستخط

وزیرخارجہ سشماسوراج کا دورہ ابوظہبی ، کرنسی کے باہم تبادلے اور شراکت داری قائم کرنے کے معاہدے

ابوظہبی ۔ 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور متحدہ عرب امارات میں آج دو معاہدات پر دستخط کئے جن میں سے ایک کرنسی کے باہم تبادلے کا معاہدہ تھا۔ وزیرخارجہ ہندوستان سشماسوراج ابوظہبی کے دورہ پر ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے وزیرخارجہ متحدہ عرب امارات عبداللہ بن زاید النہیان سے تجارت، صیانت اور دفاع کے شعبہ میں باہمی تعاون میں اضافہ کی ضرورت پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ سشماسوراج پیر کے دن دو روزہ دورہ پر یہاں پہنچی تھیں اور ان کا استقبال امارات ۔ ہند مشترکہ کمیشن کے اجلاس سے قبل وزیرخارجہ متحدہ عرب امارات نے کیا۔ باہمی دفاعی شراکت داری قائم کرنے پر زور دیتے ہوئے سشماسوراج نے وزیرخارجہ امارات شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے ساتھ 12 ویں ہند ۔ امارات مشترکہ کمیشن کے اجلاس کی صدارت کی۔ دونوں کے درمیان برق توانائی۔ صیانت۔ تجارت۔ سرمایہ کاری۔ خلائ۔ دفاع اور قونصل خانہ کے علاوہ دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ باہمی تعاون کی رہنمائی کیلئے ایک مشترکہ نظام قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان کرنسی کے باہم تبادلہ سے انہیں خود اپنی کرنسی میں درآمد اور برآمد کے موقع پر تجارت کے دوران ادائیگیوں کا موقع حاصل ہوگا۔ تبادلہ کی شرح میں کسی تبدیلی کے بغیر اور امریکی ڈالر پیشگی کرنسیوں کو معیار بنائے بغیر ادائیگیوں کے نتیجہ میں درآمدی اور برآمدی تجارت میں سہولت حاصل ہوگی۔ اس کے علاوہ افریقہ میں دونوں ممالک اپنے پراجکٹس کی مقبولیت میں اضافہ کرسکیں گے۔ ہند ۔ امارات مشترکہ کمیشن کے اجلاس کے بعد وزیرخارجہ سشماسوراج اور وزیرخارجہ امارات شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے دو معاہدوں پر دستخط کئے جن سے مشترکہ کمیٹی کے اجلاس میں اتفاق رائے کیا گیا تھا۔ باہمی تجارت فی الحال 50 ارب امریکی ڈالر مالیتی ہوچکی ہے۔ سشماسوراج نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو طاقتور سرمایہ کاری میں شراکت داری قائم کرنی چاہئے۔ انڈین آئیل کیلئے متحدہ عرب امارات توانائی کی درآمد کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔