ہندوستان سے مذاکرات ناکام نہیں ہوئے:نجم سیٹھی

لاہور ۔31 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) نجم سیٹھی نے ہندوستانی بورڈ کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے تاثر کو مسترد کردیا۔ لاہور ایرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ دبئی میں ہند۔پاک کرکٹ مذاکرات ناکام نہیں ہوئے۔ بی سی سی آئی سے مذاکرات کا پہلا دور ہوا ہے ، دوسرا اور تیسرا دور بھی ہوگا ، معاملہ حل نہ ہوا تو آئی سی سی میں جائیں گے۔ دوسری جانب پی سی بی سے مذاکرات کرنے پر ہندوستانی حکومت اپنے بورڈ پر برس پڑی ، وزیر کھیل وجے گوئل نے بی سی سی آئی حکام کی سرزنش کی اور پاکستان کے ساتھ سیریز نہ کھیلنے کی بات کہی۔ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کے ساتھ 2014 میں 6 سیریز کھیلنے کا معاہدہ کیا تھا ، تاہم بی سی سی آئی نے بگ تھری معاملے پر حمایت حاصل کرنے کے بعد سیریز کھیلنے سے انکا ر کر دیا۔

 

ہند۔ پاک مقابلہ بارش سے متاثر ہونے کا امکان
برمنگھم ۔31 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور پاکستان کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کا اہم مقابلے 4 جون کو کھیلا جائے گا جس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے لیکن بارش سے اس مقابلے کا متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ٹورنمنٹ کے آغاز سے قبل محکمہ موسمیات کی جانب سے شائقین کرکٹ کو یہ تشویش ناک خبر سنائی گئی ہے کہ سب سے بڑے میچ ہند۔پاک مقابلہ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے بلکہ ٹورنمنٹ کے دیگر میچز بھی بارش سے متاثر ہو سکتے ہیں۔