ہندوستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات میں بہتری

سفیر ہند ڈاکٹر اوصاف سعید کا سعودی عوام اور ہندوستانیوں کیلئے پیام عید

حیدرآباد ۔ 4۔جون (سیاست نیوز) سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز ال سعود ، ولیعہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود ، سعودی عرب کے عوام اور سعودی عرب میں مقیم ہندوستانیوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی ہے۔ ڈاکٹر اوصاف سعید نے اپنے پیام میں سعودی عرب میں مقیم اور برسر خدمت تمام ہندوسانی شہریوں کو عید کی مبارکباد دی جو سعودی عرب کی ترقی میں بامعنیٰ حصہ داری ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک خوشی ، مسرت ، باہمی یکجہتی ، امن اور ترقی کا مہینہ ہے ۔ اس ماہ کے دوران اللہ تعالیٰ کی رحمتیں نازل ہوتی ہے۔ شاہ سلمان نے حالیہ مکہ کانفرنس میں سعودی عرب کے اس عہد کا اعادہ کیا کہ قیام امن اور باہمی تعاون میں اہم رول ادا کرے گا۔ اوصاف سعید نے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے سعودی عرب کے عزم اور مضبوط ارادوں کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہنسوستتان اور سعودی عرب کے صدیوں سے باہمی تعلقات کافی مضبوط ہیں۔ موجودہ عصری دور میں دونوں ممالک مختلف شعبوں بشمول دہشت گردی پر قابو پانا اور انسانیت کے خلاف جرائم کی روک تھام میں اسٹراٹیجک پارٹنرس کی طرح کام کر ہے ہیں۔ انہوں نے ہند۔سعودی عرب تعلقات میں مزید بہتری کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔