ہر سال 31 مارچ کو ’ تلگو دیشم کا یوم دغابازی ‘ منایا جائے گا

آندھرا عوام سے کئے گئے وعدوں کی عدم تکمیل کا الزام ، احتجاجی مظاہرہ ، رگھوویرا ریڈی کا بیان
وجئے واڑہ ۔ 31 ۔ مارچ : ( پی ٹی آئی ) : آندھرا پردیش کانگریس نے برسر اقتدار تلگو دیشم پر الزام عائد کیا کہ انتخابی وعدوں کی عدم تکمیل کے ذریعے اس نے عوام سے دھوکہ کیا ہے ۔ کانگریس نے ریاست میں کئی مقامات پر حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی کئے ۔ اے پی کانگریس کمیٹی کے صدر این رگھوویرا ریڈی نے کہا کہ کانگریس نے 31 مارچ کو تلگو دیشم پراجاونچنا دنم ( تلگو دیشم کا یوم دغا بازی ) منانے کا فیصلہ کیا تھا ۔ ہر سال 31 مارچ کو اس کا اہتمام کیا جائے گا جس میں انتخابی مہم کے دوران عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں چندرا بابو نائیڈو حکومت کی ناکامی کو اجاگر کیا جاسکے ۔ تلگو دیشم نے گذشتہ سال 31 مارچ کو ہی اپنا انتخابی منشور جاری کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹی نے عوام کو اس سے واقف کروانے آج آندھرا پردیش کے تمام 49 ریونیو ڈیویژنل ہیڈکوارٹرس پراحتجاجی مظاہرے کیے ہیں ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ تلگو دیشم نے اپنی ویب سائٹ سے حال ہی میں انتخابی منشور کو حذف کردیا ہے تاکہ عوامی برہمی سے بچا جاسکے ۔ رگھوویرا ریڈی نے کہا کہ گذشتہ سال انتخابی مہم کے دوران تلگو دیشم پارٹی نے عوام سے تقریبا 600 وعدے کئے تھے جن میں زرعی قرضہ جات کی معافی ، ڈواکر گروپس اور بافندوں کے قرضہ جات کی معافی بھی شامل ہیں ۔ تلگو دیشم نے کئی سرکاری محکمہ جات میں مخلوعہ عہدوں پر تقررات عمل میں لانے کا بھی وعدہ کیا تھا ۔ اس نے عوام کو تیقن دیا تھا کہ اسے اقتدار ملنے پر برقی شرحوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا تاہم اقتدار ملنے کے بعد عوام سے دھوکہ کیا اور کوئی وعدہ پورا نہیں کیا گیا ۔ تلگو دیشم نے وعدوں سے انحراف کرکے عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔ قانون ساز کونسل میں قائد اپوزیشن سی رامچندریا سابق ارکان اسمبلی ایم وشنو ، لوینینی نہرو اور پارٹی ورکرس نے وجئے واڑہ میں ضلع سب کلکٹر کے دفتر پر منعقدہ احتجاجی مظاہرہ میں حصہ لیا ۔