ہر ایم پی کے فلیٹ کے مینٹننس پر سالانہ 2.95 لاکھ روپئے کا خرچ

نئی دہلی۔/14اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا کو آج ایک اہم اطلاع دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ارکان پارلیمنٹ کیلئے نارتھ اور ساؤتھ ایونیوز میں جو رہائشی فلیٹس ہیں ان کے مینٹننس کیلئے فی فلیٹ سالانہ 2.95 لاکھ روپئے خرچ ہوتے ہیں۔ وزیر برائے شہری ترقیات وینکیا نائیڈو نے آج ایک تحریری جواب داخل کرتے ہوئے کہا کہ نارتھ اور ساؤتھ ایونیوز میں 2011-12 سے اب تک ایم پیز کیلئے مختص رہائشی فلیٹس کے مینٹننس کیلئے سالانہ مصارف بالترتیب 17.50 کروڑ، 18.28 کروڑ اور 20.45 کروڑ روپئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹائپ۔I، ٹائپ VIII کے جملہ 62,952 فلیٹس ہیں جو سرکاری ملازمین کے مختلف زمروں کو الاٹ کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں مکانات کی قلت کا تخمینہ 24لاکھ یونٹس لگایا گیا ہے اور دہلی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی مکانات کی اتنی بڑی تعداد تنہا فراہم نہیں کرسکتی۔