ہریانہ کے گاؤں میں ذات پات کا جھگڑا

حملہ میں 9دلت زخمی۔ پولیس کے خلاف مظاہرہ
حِصار( ہریانہ )۔/31جنوری، (سیاست ڈاٹ کام ) ضلع حصار کے موضع مرچ پور میں معمولی بحث و تکرار کے بعد تقریباً 20افراد کے حملہ میں 9دلت زخمی ہوگئے جہاں پر 6سال قبل ذات پات کے جھگڑے میں 2 افراد کو نذر آتش کردینے کے بعد متعین سی آر پی ایف دستوں کو گذشتہ ماہ واپس طلب کرلیا گیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ مقامی دیہاتی کل شب ایک سیکل شو کا مشاہدہ کررہے تھے۔ بعض افراد نے ایک دلت نوجوان پر ذات پات سے متعلق نازیبا تبصرہ کیا۔ جبکہ اس نوجوان نے سیکل ریس میں کامیابی حاصل کی تھی۔ دلتوں کے اعتراض پر دوسری برادری کے لوگوں نے اچانک حملہ کردیا۔ اس واقعہ کے بعد دلتوں کی کثیر تعداد مرچ پور پولیس اسٹیشن کے روبرو اکٹھا ہوگئی اور احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس کے خلاف نعرے بلند کئے۔ مذکورہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس سپرنٹنڈنٹ راجندر کمار مینا اور ڈپٹی کمشنر نکھیل گجراج پولیس فورس کے ساتھ کل شب مذکورہ دیہات پہنچ گئے اور مقامی لوگوں سے ملاقات کی۔ ایس پی نے بتایاکہ گاؤں میں صورتحال قابو میں ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کیلئے اضافی پولیس فورس متعین کردی گئی ہے جبکہ مرچ پور پولیس اسٹیشن کے انچارج کا بھی تبادلہ کردیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ شدید زخمی ایک شخص کو اگروہا میڈیکل کالج اور دیگر 5 زخمیوں کو سیول ہاسپٹل میں شریک کروادیا گیا ہے اور مختلف دفعات کے تحت 15 افراد کے خلاف کیس درج کرلیا گیا واضح رہے کہ اس گاؤں میں 7سال قبل ذات پات کے تشدد میں 2 افراد کو زندہ جلادیا گیا تھا جس کے بعد امن و قانون کی برقراری کیلئے سی آر پی ایف کا دستہ متعین کردیا گیا لیکن گذشتہ ماہ واپس طلب کرلیا گیا تھا۔