گیس کی قیمت پر الیکشن کمیشن کی ہدایات کی خلاف ورزی کا موئیلی پر گروداس داس گپتا کا الزام

نئی دہلی ۔30اپریل( سیاست ڈاٹ کام ) سی پی آئی قائد گرو داس داس گپتا نے آج مرکزی وزیر پٹرول ایم ویرپا موئیلی پر الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے اور کابینہ کے فیصلے کو تسلیم نہ کرتے ہوئے انہوں نے مبینہ طور پر گیس کی قیمتوں میں دگنا اضافہ استقدامی اثر سے کرنے کی ہدایت دے دی ہے تاکہ ریلائنس کو فائدہ پہنچایا جاسکے ۔ وزیراعظم منموہن سنگھ اور چیف الیکشن کمشنر وی ایس سمپت کو علحدہ علحدہ مکتوبات میں انہوں نے زور دیا کہ غیرقانونی حکم نامے پر عمل آوری روک دی جائے ۔ الیکشن کمیشن سے انہوں نے خواہش کی کہ حکومت کو ہدایت دی جائے کہ قدرتی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کو ملتوی کرنے کی ہدایت دی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ موئیلی نے سینئر عہدیداروں کے مشورہ کو مسترد کرتے ہوئے قیمتوں میں 17مئی سے اضافہ کا حکم دے دیا ہے اور ان پر یکم اپریل سے عمل آوری کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ حالانکہ الیکشن کمیشن نے ہدایت دی تھی لیکن ریلائنس کو فائدہ پہنچانے وزیر پٹرولیم نے اسے بھی نظرانداز کردیا ۔